راولپنڈی جولائی 20 (ٹی این ایس): چیف آف ایئرسٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے برطانیہ کے شہر فیئرفورڈ میں منعقدہ رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو2019ء میں پاک فضائیہ کے ہرکولیس جہاز کا معائنہ کیا۔پاک فضائیہ کا نمبر6 سکوارڈن پینٹ شدہ جہاز جمعہ کو ایئرفورس بیس فیئر فورڈ یوکے پہنچا تھا۔ پاک فضائیہ کی جانب سے جاری پریس ریلیزکے مطابق اس جہاز کو عام پبلک کیلئے کھولا گیا ہے۔
اس میگاایونٹ میں شریک پاک فضائیہ کے دستے کے شرکاء سے ایئر چیف نے تبادلہ خیال بھی کیا اورملک کیلئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے جہاز کو بہترین انداز میں سجانے پر عملے کی تعریف کی ۔ یہ پینٹنگ معروف ایوی ایشن آرٹسٹ گروپ کیپٹن (ر) حسینی نے کی ہے۔ انہوں نے میگا ایونٹ میں بھرپور شو پیش کرنے پر ایئرفورس کے دستے کو مبارکباد دی۔ بعد ازاں پاک فضائیہ کے سربراہ نے چھ مختلف ممالک کے اپنے ہم منصبوں اور معروف ایوی ایشن انڈسٹریزکے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔
واضح رہے کہ رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو دنیا کا بڑا ملٹری ایئر شو ہے جو سالانہ بنیادوں پرمنعقد ہوتا ہے جس میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد شائقین اس کو دیکھتے ہیں جبکہ اس میں دنیا کے مختلف ممالک سے ایئر فورس شریک ہوتی ہیں۔