وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ضم شدہ قبائلی اضلاع میں پر امن اور کامیاب انتخابات پر قوم کو مبارکباد

 
0
23267

پشاور جولائی 20 (ٹی این ایس): وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں پر امن اور کامیاب انتخابات پر قوم کو مبارکباددیتے ہو ئے کہا کہ کامیاب انتخابات پر الیکشن کمیشن اور تمام متعلقہ ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں،قبائلی علاقہ جات میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات ایک تاریخی کارنامہ ہے۔ان خیا لا ت کا اظہار انہو ں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ یہ انتخابات قبائلی علاقہ جات کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے کے حوالے سے پی ٹی آئی کے ویژن اور کوششوں کی کڑی ہے،آج کا دن قبائلی عوام کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائیگا،یہ تحریک انصاف حکومت کی نمایاں کامیابی ہے جو قبائلی عوام کی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہو گی، صوبائی حکومت نے تاریخ میں پہلی مرتبہ قبائلی اضلاع کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں خطیر وسائل مختص کئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں پر امن اور کامیاب انتخابات میں وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کا کردارلائق تحسین ہے، خیبرپختونخوا پہلا صوبہ ہے جس نے اپنے این ایف سی ایوارڈ میں سے 11ارب روپے قبائلی علاقہ جات کو دئیے ہیں،،قبائلی اضلاع کے لئے دس سالوں پر مشتمل ترقیاتی حکمت عملی وضع کی ہے ، جس میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی ہے،آنے والا وقت قبائلی عوام کے لئے خوش آئند ہو گا ۔ بتدریج بہتری کیطرف جائیں گے اور یہ علاقے ترقی کریں گے ،،قبائلی علاقہ جات میں انتخابات کے مثبت اثرات پورے پاکستان پر مرتب ہوں گے۔