وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے معروف برطانوی بزنس مین انیل مسرت کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

 
0
322

لاہور جولائی 22 (ٹی این ایس): انیل مسرت کا حکومت پنجاب کے اشتراک سے ہر ڈویژن میں ہسپتال بنانے کا اعلان۔ انیل مسرت نے کہا کہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے صوبے کے 9 ڈویژن میں جدید ہسپتال بنائیں گے۔ ہم ہسپتال ان علاقوں میں بنانا چاہتے ہیں جہاں صحت کی سہولتیں کم ہیں۔ ان ہسپتالوں میں عام مریضوں کو ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتیں فراہم کریں گے۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی اور ٹراما سینٹرز بھی بنائے جائیں گے۔ ان ہسپتالوں کی اونرشپ کیلئے کمیونٹی کو بھی شامل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب تیزی سے درست سمت کی جانب بڑھ رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار محنت اور جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیز بھی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے عملی اقدامات سے خوش ہیں۔ عوامی خدمت کے سفر میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ انیل مسرت کی جانب سے ہر ڈویژن میں ہسپتال بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ ہمارا مقصد عام آدمی کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں مہیا کرنا ہے۔ پنجاب حکومت عام آدمی کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔
ملتان میں اربوں روپے کی لاگت سے نشتر2 ہسپتال بنایا جا رہا ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں کارڈیک ہسپتال کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ دور دراز علاقوں میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنائے جا رہے ہیں۔ شعبہ صحت میں نجی شعبے کی شراکت داری اور سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔ سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع سے فائدہ اٹھائیں، ہرممکن سہولتیں دیں گے۔ سرمایہ کار نئے پاکستان میں وی آئی پی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ہمارے دروازے سرمایہ کاروں کیلئے کھلے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تبدیل ہوتے پاکستان میں سرمایہ کار سے کوئی رشوت یا کمیشن نہیں لے سکے گا۔ سرمایہ کاری سے متعلقہ فائل سرخ فیتے کی نذر نہیں ہوگی۔ سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کیلئے ہرسطح پر معاونت فراہم کی جائے گی۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بھی اس موقع پر موجود تھے۔