تمام سرکاری ملازمین اپنے انکم ٹیکس کے سالانہ گوشوارے مقررہ تاریخ 2 اگست 2019 تک ہر صورت جمع کرائیں‘ایف بی آر کے احکامات

 
0
309

اسلام آباد جولائی 23 (ٹی این ایس): فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے واضح احکامات کی روشنی میں تمام سرکاری ملازمین اپنے انکم ٹیکس کے سالانہ گوشوارے مقررہ تاریخ 2 اگست 2019 تک ہر صورت جمع کرائیں ۔صوبائی حکومت نے تمام انتظامی سیکرٹریز سمیت ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ضم شدہ قبائلی علاقہ جات، تمام ڈویڑنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور تمام محکموں کے سربراہوں کو ان کے ماتحت تمام سرکاری ملازمین کو انکم ٹیکس گوشوارے مقررہ تاریخ تک جمع کرانے کی سختی سے ہدایت کی ہے۔
اس ضمن میں گزشتہ روز محکمہ اسٹیبلشمنٹ خیبر پختون خوا کے جاری مراسلے میں کہا گہا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 114 کے تحت تمام سرکاری ملازمین کو اپنی قابل ٹیکس آمدنی کے سالانہ گوشوارے جمع کرانے لازمی ہیں۔ مراسلہ کے مطابق سرکاری ملازمین کا یہ جواز مناسب نہیں کہ ان کی تنخواہ سے انکم ٹیکس کٹوتی کی جاتی ہے۔ ایف بی آر کے مطابق تمام سرکاری ملازمین اپنی قابل ٹیکس آمدنی کے سالانہ گوشوارے جمع کرانے کے پابند ہیں۔ صوبائی حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے واضح احکامات کی روشنی میں صوبے کے تمام سرکاری ملازمین کو اپنے سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے مقررہ تاریخ 2 اگست 2019 تک جمع کرانے کی سختی سے ہدایت کی ہے۔