بلاول بھٹو کا قومی مفادات میں حکومت کی غیر مشروط حمایت کا اعلان

 
0
456

وزیراعظم کی پالسیوں پر تحفظات ہیں مگر دنیا سے تعلقات بہترکرنے کی حکومتی کوشش کو سراہنا چاہئیے، حکومت کی کوشش کی حمایت کرتا ہوں۔ بلاول بھٹو کا ٹویٹ
اسلام آباد جولائی 23 (ٹی این ایس): پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو نے قومی مفادات میں حکومت کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے اپنے وزیراعظم کی غیر جمہوری پولیسوں اور ناکام معاشی پالیسیوں پر تحفظات ہیں۔بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان کے امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کو بھی پی ٹی آئی کا جلسہ قرار دیتے ہوئے تنقید کی اور کہا عمران خان کا بیرون ملک رویہ ایک سربراہ کا ہونا چاہئیے تھا جو عمران خان کا جلسے میں نہیں تھا۔


۔بلاول بھٹو نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ہے کہ دنیا سے تعلقات بہترکرنے کی حکومتی کوشش کو سراہنا چاہئیے۔دنیا سے تعلقات بڑھانے کی حکومت کی کوشش کی حمایت کرتا ہوں۔ضرورت پڑنے پر تعمیری تنقید کرتا رہوں گا۔ہمیشہ پہلے پاکستان کو سپورٹ کروں گا۔


واضح رہے کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی وزیراعظم عمران خان کی تعریف کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کے انتہائی مقبول وزیراعظم ہیں۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہ ہونے سے متعلق وزیراعظم عمران خان کی بات سے 100 فیصد اتفاق کرتا ہوں، پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کے لئے ہر وقت تیار ہوں، طویل تصفیہ طلب مسئلے کے حل کے لئے ثالثی پر بے حد خوشی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے انتہائی اہم تعلقات ہیں، میرے کئی اچھے دوستوں کا تعلق پاکستان سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان مسئلے کے حل کے لئے ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے، امریکہ افغانستان میں امن کے حصول کے لئے پاکستان کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی روابط کو کئی گنا بڑھانا چاہیں گے، پاکستان نے انتہاء پسندی پر قابو پانے میں بہت مدد دی ہے۔ توقع ہے کہ مختصر وقت میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوگا۔