وزیراعظم نے اپنا وعدہ پورا کر دکھایا، عمران خان کے دورہ امریکا پر صرف 80 لاکھ روپے آئے

 
0
287

جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دورہ امریکا پر 5 کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات آئے تھے، وزیراعظم کے حالیہ دورہ امریکا پر 10 کروڑ روپے کی بچت کی گئی
اسلام آباد جولائی 25 (ٹی این ایس): وزیراعظم نے اپنا وعدہ پورا کر دکھایا، عمران خان کے دورہ امریکا پر صرف 80 لاکھ روپے آئے ، جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دورہ امریکا پر 5 کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات آئے تھے، وزیراعظم کے حالیہ دورہ امریکا پر 10 کروڑ روپے کی بچت کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کفایت شعاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دورہ امریکا کے دوران قومی خزانے میں 10 کروڑ روپے کی بچت کی۔
وزیراعظم امریکا کا 3 روزہ دورہ مکمل کرکے کمرشل پرواز کے ذریعے گزشتہ شب وطن واپس پہنچے۔ انہوں نے دورے کے لیے پرائیوٹ طیارے کی بجائے عام کمرشل پرواز کو استعمال کیا اور واشنگٹن میں بھی مہنگی گاڑیاں بک کرانے کی بجائے میٹرو میں سفر کیا۔ اس سے پہلے پاکستان کے وزرائے اعظم بوئنگ 777 میں بیرون ملک دورے کرتے تھے جس میں سفر کرنے پر 40 سے 45 لاکھ روپے فی گھنٹہ اخراجات ہوتے تھے جب کہ دیگر اخراجات اس کے علاوہ ہیں۔
پاکستان سے امریکا تک فضائی سفر 14 گھنٹے سے زیادہ کا ہے اور دونوں طرف کے سفر میں تقریبا 28 گھنٹے لگتے ہیں جس پر 11 کروڑ سے 12 کروڑ کے اخراجات آتے ہیں۔ لیکن عمران خان نے شاہانہ روایات توڑتے ہوئے ایک عام شہری کی طرح امریکا کا دورہ کیا اور قومی خزانے میں 10 کروڑ روپے سے زیادہ کی بچت کی جو یقینا ان کا قابل ستائش اقدام ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا پر کل 50 ہزار ڈالرز کا خرچ آیا۔
جبکہ نواز شریف کے دورہ امریکا پر 4 لاکھ 60 ہزار ڈالرز کا خرچ آیا تھا۔ وزیراعظم نے اپنا وعدہ پورا کیا اور امریکا کا کامیاب دورہ کرنے کے باوجود قومی خزانے کے کروڑوں روپے بچائے۔