صنعاءجولائی20(ٹی این ایس)یمن میں حوثیوں کی جماعت نے معزول صدر علی عبداللہ صالح کی سیاسی جماعت پیپلز کانگریس کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کردیئے،معاہدے میں ذرائع ابلاغ کے حوالے سے قواعد و ضوابط شامل کیے گئے ہیں جن کی رْو سے فریقین کے زیر کنٹرول علاقوں میں فریقین کے اتحاد کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی نوعیت کی تنقید اور نکتہ چینی کو جرم قرار دیا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ پیش رفت جانبین کے بیچ بالخصوص میڈیا کے میدان میں خلیج کے بڑی حد تک بڑھ جانے کے بعد سامنے آئی ہے۔ادھر پیپلز کانگریس کی قیادت نے میڈیا کنٹرول کے نام سے طے پائے جانے والے معاہدے کی کامیابی کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔ معاہدے کا مقصد متبادل میڈیا مہم جوئی کو اور پیپلز کانگریس پارٹی کے کارکنان اور حامیوں کی جانب سے حوثیوں کو ان کی بدعنوانیوں کے سبب تنقید کا نشانہ بنانے سے روکنا ہے۔یہ معاہدہ 8 شقوں پر مشتمل ہے اور اس سے حوثیوں کے زیر انتظام سکیورٹی اداروں کو اْن میڈیا شخصیات اور پیپلز کانگریس پارٹی کے کارکنان کا تعاقب کرنے کا اختیار حاصل ہو گا جو حوثیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔معاہدے میں حوثیوں کی بدعنوانی پر کسی بھی تنقید کو قومی سطح کی غداری کے مترادف شمار کیا گیا ہے۔













