رانا ثناء اللہ کے لیے گھر سے کھانا لانے سے متعلق درخواست پر سماعت، جیل سپرنٹنڈنٹ کو قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم

 
0
319

لاہور ستمبر 13 (ٹی این ایس): لاہور سیشن عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے لیے گھر سے کھانا لانے سے متعلق درخواست پر جیل سپرنٹنڈنٹ کو میڈیکل بورڈ کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قیصر نذیر بٹ نے رانا ثناء اللہ کی درخواست پر سماعت کی، سابق صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے وکلاء نے موقف اختیار کیا تھا کہ رانا ثناء اللہ دل کے مریض ہیں لہٰذا ان کو جیل میں گھر کا پرہیزی کھانا دیا جائے، دوران سماعت عدالتی حکم پر ایم ایس انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے بھی اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی جس کے بعد عدالت نے رانا ثناء اللہ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، جمعے کو سیشن عدالت نے رانا ثناء اللہ کی جانب سے گھر کا کھانا فراہم کرنے کی درخواست نمٹاتے ہوئے جیل سپرنٹنڈنٹ کو میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی، یاد رہے کہ یکم جولائی کو مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کو گرفتار کیاگیا تھا، اے این ایف کے مطابق رانا ثناء اللہ کی گاڑی سے منشیات کی بھاری مقدار برآمد ہوئی اور ان کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔