وزیر اعظم 19 ستمبر کو 2 روزہ دورے پر سعودی عرب کے لیے روانہ ہونگے

 
0
300

اسلام آباد ستمبر 13 (ٹی این ایس): وزیر اعظم عمران خان 19 ستمبر کو 2 روزہ دورے پر سعودی عرب کے لیے روانہ ہونگے، وزیر اعظم سعودی عرب سے ہی اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا جائیں گے. تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 19 ستمبر کو 2 روزہ دورے پر سعودی عرب جائیں گے وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد بھی ہوں گے.
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، وزیر اعظم سعودی عرب سے ہی اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا جائیں گے. خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا یہ تیسرا دورہ سعودی عرب ہے وہ اس سے قبل وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد 2 بار سعودی عرب کا دورہ کرچکے ہیں. رواں ماہ کے آغاز میں پاکستان کے دورے پر آئے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور شیخ عبد اللہ بن زاید بن سلطان النہیان کی بھی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی.
ملاقات کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم اور وزرائے خارجہ کے درمیان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اور یک طرفہ فیصلے پر بات چیت ہوئی، وزیر اعظم عمران خان نے کرفیو اور بلیک آﺅٹ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کرفیو کے خاتمے اور نقل و حرکت پر پابندی اٹھانے کا مطالبہ کیا تھا. وزیر اعظم نے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا احترام کرنے پر بھی زور دیا تھا دونوں وزرائے خارجہ نے امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی تھی. وزرائے خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار بھی کیا تھا جبکہ خطے میں امن کے ماحول اور کشیدگی میں کمی کے لیے رابطے میں رہنے کا فیصلہ کیا گیا.