پاکستان سکھ زائرین کیلئے کرتار پور راہداری کھولنے کیلئے پرعزم ہے، معاون خصوصی سیّد ذوالفقار بخاری

 
0
250

اسلام آباد ستمبر 16 (ٹی این ایس): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سیّد ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ تمام تر حالات کے باوجود کرتارپور راہداری کی تعمیر مکمل کی جائے گی، پاکستان سکھ زائرین کیلئے کرتار پور راہداری کھولنے کیلئے پرعزم ہے۔ یہ بات انہوں نے اوورسیز پاکستانیز گلوبل فائونڈیشن کے تحت پاکستانی اور سکھ کمیونٹی ممبران کی نیویارک میں منعقد ہونے والی میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے پاک۔بھارت کشیدگی کے تناظر میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کرتارپور راہداری مذہبی منصوبہ ہے جو کہ سیاست سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور راہداری پاکستان میں گوردوارہ دربار صاحب کو بھارت کے شہر گورداسپور کے ڈیرہ بابا نانک سے ملائے گا جو ویزہ فری ہو گا اور کرتارپور صاحب کیلئے صرف پرمٹ حاصل کرنا ہو گا۔ زلفی بخاری نے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالنے کے تین ماہ کے اندر ہی کرتارپور راہداری کے حوالہ سے جرأتمندانہ فیصلہ کیا کیونکہ کرتارپور سکھ مذہب کے ماننے والوں کیلئے مقدس مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کو مکمل کرنے سے کوئی بھی نہیں روک سکتا۔