بھارت کو نمک کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کی تحریک زور پکڑ گئی

 
0
2738

اسلام آباد ستمبر 16 (ٹی این ایس): بھارت کو نمک کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کی تحریک زور پکڑنا شروع ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر بھارت کو نمک فروخت کرنے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے جبکہ اس مطالبے نے اب باقاعدہ تحریک کی شکل اختیار کر لی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں 43 روز سے جاری کرفیو ، وہاں کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور ایل او سی پر بھارت کی جانب سے کی جانے والی بلا اشتعال فائرنگ کے جواب میں سوشل میڈیا صارفین نے بھارت کو نمک کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کا پُر زور مطالبہ کیا۔
سوشل میڈیا سائٹس بالخصوص ٹویٹر پر صارفین ”نمک کو بھی عزت دو” ،”ہمارا نمک ہماری برانڈ”،”زخم اور نمک اکٹھے نہیں رہ سکتے ” کے نعرے لگا رہے ہیں۔ صارفین کا مطالبہ ہے کہ پاکستانی گلابی نمک جسے بھارت برائے نام قیمت پر ہم سے لے جاکر عالمی مارکیٹوں میں ڈالر کما رہا ہے کا نوٹس لیا جائے ۔ ایسا معاہدہ کرنے والے حکمرانوں اور افسران کا محاسبہ کیاجائے اور ایسے معاہدہ جات فی الفور ختم کئے جائیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پاکستانی حکومت سے یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ ہمارا نمک ہماری برانڈ ہے بھارت سے گلابی نمک کے معاہدے فوری طور پر منسوخ کئے جائیں، مذکورہ مطالبات کرنے والوں کا مؤقف ہے کہ پاکستان پر کل قرضہ ایک سوارب ڈالر ہے جبکہ بھارت پاکستانی نمک بیچ کر سالانہ 129ارب کما رہا ہے ۔ نمک کو بڑے پتھروں کی صورت میں ایکسپورٹ کرنے پر پابندی عائد کی جائے، نمک کو ویلیو ایڈیشن کے بعد برآمد کیا جائے تاکہ پاکستان کو زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ مل سکے ۔
”ہمارا نمک ہماری برانڈ” کی تحریک شروع کرنے والوں کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان سے 35 پیسے کے حساب سے فی کلو گلابی نمک خرید کر 3274روپے فی کلو میں دوسرے ملکوں کو فروخت کررہاہے ، مودی سرکار نے ہمارا پانی بند کردیا کہ خون اور پانی اکٹھے نہیں بہہ سکتے ۔سوشل میڈیا سائٹس پر جاری تحریک میں کہا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل فی لٹر ایک ڈالر سے کم جبکہ ہمارا 500 گرام گلابی نمک 5 ڈالر سے 20 ڈالر تک ہے ۔
خیال رہے کہ نمک بھارت کی اہم ضرورت ہے اور بھارت میں نمک پاکستان کےمقابلے میں کہیں زیادہ مہنگا بھی ہے۔ بھارت کو سبق سکھانے کے لیے مطالبہ کیاجا رہا ہے کہ پاکستان بھارت کو نمک بھیجنا بند کر دے تاکہ بھارت کے ہوش ٹھکانے آ سکیں کیونکہ پاکستان میں کھیوڑا کی کانوں سے نکلنے والا نمک بھارت کی بہت بڑی ضرورت ہے۔پاکستانی نمک بھارت میں ہونے والی ہندؤوں کی رسومات کے لیے تیار کیے جانے والے کھانے کا بہت بڑا اور اہم جزو ہے۔
بھارت میں نمک کی کانیں نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کی نسبت نمک کی قیمت کہیں زیادہ ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سوشل میڈیا پر یہ خبریں بھی گردش کر رہی تھیں کہ بھارت پاکستان سے سستے داموں نمک لے کر اُسے آگے فروخت کر کے اربوں روپے کما رہا ہے ۔ جس پر وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ نمک کی ایکسپورٹ سے بلاشُبہ اُتنا فائدہ تو نہیں اُٹھایا جا سکتا جتنا کہا گیا لیکن پھر بھی اس سے فائدہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ بھارت پاکستان کا نمک بیچ کر ملین ڈالر کما رہا ہے ایسا کچھ نہیں ہے۔