این آر اوز اور ڈیلز نے ستر سال میں پاکستان کو یہاں تک پہنچایا اب مزید ان کی کوئی گنجائش نہیں

 
0
260

اسلام آباد ستمبر 23 (ٹی این ایس): جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ڈیل سے متعلق چلنے والی خبروں اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے موصول ہونے والے پیغام سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ میرے پاس جو نواز شریف صاحب کا پیغام آیا، وہ پیغام ان الفاظ میں آیا ہے کہ این آر اوز اور ڈیلز نے ستر سال میں پاکستان کو یہاں تک پہنچایا اب مزید ان کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات بھی کی تھی۔ جس سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ کسی ادارے سے تصادم نہیں چاہتا۔ عمران خان کو این آر او نہیں دوں گا۔ انہوں نے کہا تھا کہ آزادی مارچ کی تاریخ کا اعلان ایک دو روز میں کردیں گے۔مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ن کو بھی آزادی مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔
شہباز شریف نے مارچ میں شرکت کے حوالے سے 30 ستمبر تک مزید وقت مانگا اور بتایا کہ وہ اس پر پارٹی سے مشاورت کے نواز شریف کو بھی اعتماد میں لیں گے۔ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الڑحمان نے مزید کہا کہ اُمید ہے اپوزیشن کے ساتھ جو ڈکلریشن طے ہوا تھا اس پر عمل ہوگا۔ آپ دیکھیں گے سب ساتھ ہوں گے۔ ہم پہلے 15 ملین مارچ کرچکے ہیں اور اب بھی اکیلے ملین مارچ کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ تحفظ ناموس رسالتﷺ اوربیرونی طاقتوں کے اثر ورسوخ کے خلاف ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ آزادی مارچ پُر امن ہوگا۔ خیال رہے کہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت مخالف مارچ کا اعلان کر رکھا ہے جس کی تاریخ کا حتمی اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے اس مارچ میں شرکت کے لیے اپوزیشن کی دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی دعوت دے رکھی ہے۔