وزیراعظم کا زلزلہ زدگان کے ہر فرد کے خاندان کو 5 لاکھ امداد دینے کا فیصلہ

 
0
310

اسلام آباد ستمبر 27 (ٹی این ایس): وزیراعظم نے زلزلہ زدگان کے ہر فرد کے خاندان کے لیے 5 لاکھ امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے جاں بحق ہونے والے ہر فرد کو پانچ لاکھ امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے،تاہم زخمیوں اور املاک کے نقصانات کا درست تخمینہ لگا کر امدادی پیکج کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ترجمان این ڈی ایم اے کےمطابق چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹینیٹ جنرل افضل نے وزیراعظم عمران خان کو زلزلہ میں ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا،وزیراعظم عمران خان نے قیمتی انسانی جانوں کے اور املاک کے نقصانا ت پر دکھ کا ااظہار کیا۔۔انہوں نے زلزلہ متاثرین کو فوری امداد و بحالی کے احکامات بھی جاری کیے۔خیال رہے کہ منگل کے روز آزادکشمیر اور پنجاب کے اکثر علاقوں میں آنے والے زلزلے سے 33 افراد جاں بحق اور 600 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے ۔
سہ پہر 4 بج کر 2 منٹ پر آنے والے زلزلے سے سب سے زیادہ تباہی آزاد کشمیر میں ہوئی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز جہلم سے 5 کلو میٹر شمال ، گہرائی زیر زمین 9 کلو میٹر تھی ۔ آزادکشمیرکے علاقے جاتلاں میں 6 خواتین سمیت 11، میرپور میں 8 افراد جاں بحق اور جہلم میں ایک شخص،لاہور ایک بچی جاں بحق جبکہ مختلف علاقوں میں 600 افراد زخمی ہوئے ۔
میرپور اور گرد و نواح میں زلزلے میں 120 سے زائد ،جہلم میں 13 افراد زخمی ہوگئے۔ میر پور کے ہسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق افرادمیں سمیر،حمیداللہ اورنسیم بی بی ، 60سالہ شخص شامل ہے ،جاں بحق میں 2بچے بھی شامل ہیں،کھاڑک میں دیوارگرنے سے 10 سالہ بچی جاں بحق ہوئی۔میرپور جاتلاں میں گاڑیاں زمین میں دھنس گئیں، سیاح پھنس گئے ۔جاتلاں میں250 سے زائد گھر اور عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
ایک مسجدکے مینار کوبھی نقصان پہنچا، بجلی اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا۔میرپور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی پاک فوج کو فوری طورپر میر پور میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کمک پہنچانے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد پاک فوج کی ٹیمیں سول انتظامیہ کی مدد کو پہنچیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کو پیش کی گئی ابتدائی رپورٹ کے مطابق زلزلے سے جاتلاں، پل منڈی، چیچیاں اور ضلع میر پور کے متعدد علاقوں کو نقصان پہنچا ۔ جبکہ آزاد کشمیر میں زلزلے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔