وزیراعظم عمران خان کے اکتوبر میں دورہ چین کی تیاری شروع

 
0
5361

اسلام آباد ستمبر 28 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان کے اکتوبر میں دورہ چین کا امکان ہے، وزیراعظم چینی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، سی پیک سے متعلق چینی قیادت کے خدشات دور کیے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان دورہ امریکا کے بعد اکتوبر میں چین کا دورہ کریں گے۔ تاہم دورے کی تاریخ کا حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ وزارت خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان چین میں چینی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں میں علاقائی ، عالمی صورتحال سمیت دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان کی ملاقاتوں میں سی پیک سے متعلق چینی قیادت کے خدشات دور کیے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کمرشل طیارے پر آج رات 11بجے وطن واپس پہنچیں گے، وزیراعظم کے طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوگئی تھی جس کے باعث وزیراعظم نے نیویارک میں ایک دن قیام بڑھا دیا ہے۔
واضح رہے چین نے کشمیر سے متعلق پاکستان کے مئوقف کو جنرل اسمبلی میں بھرپور سپورٹ کیا۔ چین نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور دو طرفہ معاہدے کی بنیاد پر حل کیا جائے۔کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے والا کوئی بھی یکطرفہ اقدام نہیں اٹھانا چاہیے، چین بطور ہمسایہ کشمیر کا موثر حل چاہتا ہے، چین دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کا خواہش مند ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تاریخ کا چھوڑا ہوا ایک تنازعہ ہے، چین کسی بھی یک طرفہ اقدام کی مخالفت کرتا ہے جو صورتحال کو پیچیدہ بنائے۔چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو یو این چارٹر، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کی بنیاد پر مناسب اور پر امن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ کشمیرکا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور دو طرفہ مذاکرات کے ذریعے حل ہونا چاہیے۔جنرل اسمبلی سے خطاب میں وانگ ای نے کہا کہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے والا کوئی بھی یکطرفہ اقدام نہیں اٹھانا چاہیے، چین بطور ہمسایہ کشمیر کا موثر حل چاہتا ہے، چین دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کا خواہش مند ہے۔