وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی میں جرأت اور مدلل انداز میں کشمیر کا مقدمہ پیش کیا،وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار

 
0
299

لاہور ستمبر 28 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی میں جرأت اور مدلل انداز میں کشمیر کا مقدمہ پیش کیا۔ وزیراعظم کی تاریخ ساز تقریر کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے اور انہوں نے اقوام متحدہ میں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی بھرپور ترجمانی کا حق ادا کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے فاشسٹ عزائم کو اقوام عالم کے سامنے بے نقاب کیا ہے اور یہ تقریر مودی سرکار کے خلاف چارج شیٹ اور دنیا کیلئے وارننگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم حقیقی معنوں میں کشمیریوں کے سفیر ہیں اور ان کی تقریر کا ایک ایک لفظ دل سے نکلا۔ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کاز کا مقدمہ مدبر بن کر لڑا ہے اور اس سے قبل پاکستان کے کسی وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں ایسی بے لاگ اور دلیرانہ تقریر نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اقوام عالم کو مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی بربریت اور اس کے ہولناک نتائج سے آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جنرل اسمبلی میں دبنگ تقریر سے فاشسٹ مودی سرکار کے ایوانوں میں لرزہ طاری ہے کیونکہ وزیراعظم نے ہندو انتہاپسندی کا واشگاف الفاظ میں پردہ چاک کیا ہے اور دنیا کو بتایا ہے کہ ہندو انتہاپسندی کی وجہ سے بھارت میں اقلیتیں غیر محفوظ ہیں۔ وزیراعظم نے شدت پسند تنظیم آر ایس ایس کے پیچھے چھپے نریندر مودی کا مکروہ چہرہ بھی اقوام عالم کے سامنے بے نقاب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر میں عالمی برادری پر کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کیلئے موثر اور فوری کردار ادا کرنے پر زور دیا ہے کیونکہ تنازعہ کشمیر کا پرامن حل ہی خطے میں امن کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ولولہ انگیز تقریر نے کشمیریوں کو نیا حوصلہ عطا کیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں منی لانڈرنگ کے مسئلے کی جانب بھی توجہ مبذول کرائی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منی لانڈرنگ ترقی پذیر ممالک کی اقتصادی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے اور یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم نے عالمی برادری کو منی لانڈنگ کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کی ضروت پر زور دیا ہے۔