اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

 
0
304

اسلام آباد ستمبر 30 (ٹی این ایس): اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، وزیراعظم نے امریکا میں سابق سفیر اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مستقل مندوب منیر اے اکرم کو دوبارہ عہدے پر فائز کرنے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں تعینات پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے ملیحہ لودھی کی جگہ منیر اے اکرم کو اقوام متحدہ میں پاکستان کا مستقل مندوب تعینات کر دیا ہے۔

منیر اے اکرم ماضی میں امریکا میں پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں۔ جبکہ منیر اے اکرم اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کے عہدے پر بھی براجمان رہ چکے ہیں۔ اب وزیراعظم نے انہیں دوبارہ یہی عہدہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
منیر اے اکرم 2002 سے 2008 تک اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب رہے تھے۔ تاہم 2008 میں اس وقت کے صدر آصف علی زرداری نے انہیں سیاسی وجوہات کی بنا پر عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ بعد ازاں ملیحہ لودھی کو اقوام متحدہ میں پاکستان کا مستقل مندوب تعینات کر دیا گیا تھا۔ اب وزیراعظم نے ملیحی لودھی کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ منیر اے اکرم کو دوبارہ اقوام متحدہ میں پاکستان کا نیا مستقل مندوب تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
جبکہ وزیراعظم نے مزید اہم سفارتی عہدوں پر نئی تقرریوں کی منظوری بھی دے دی ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری محمد اعجاز کو ہنگری میں سفیر، سجاد حیدر کو کویت میں پاکستان کا سفیر ، ڈی جی یو این خلیل احمد ہاشمی جنیوا میں پاکستان کے مستقل مندوب جبکہ کونسلر جنرل ٹورنٹو عمران احمد صدیقی کو ڈھاکا میں ہائی کمشنر مقرر کر دیا گیا ہے۔