سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ II-نے اسلام آباد کے زونII-،IIIاورV میں واقع مختلف ہاؤسنگ سکیموں کے اندر سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول قوانین کی خلاف ورزی پر متعدد مکانات کو سر بمہر کر دیا

 
0
261

اسلام آباد اکتوبر 02 (ٹی این ایس): سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ II-نے اسلام آباد کے زونII-،IIIاورV میں واقع مختلف ہاؤسنگ سکیموں کے اندر سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول قوانین کی خلاف ورزی پر متعدد مکانات کو سر بمہر کر دیا ہے۔ ان مکانات کو سی ڈی اے کے بلڈنگ قوانین ”آئی سی ٹی بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز2005 ؁ء“ کی خلاف ورزی کرنے پر سربمہر کیا گیا ہے جن میں سی ڈی اے کی منظوری کے بغیر کی جانے والی تعمیرات کے علاوہ نان کنفرمنگ استعمال والے مکانات شامل ہیں۔

سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ II- کی طرف سے شروع کئے جانیو الے اس آپریشن میں ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے نے بھی حصہ لیا۔ سر بمہر کئے جانے والے مکانات اسلام آباد کے زونII-میں واقع مارگلہ ویو D-17، ملٹی پروفیشنل B-17، زونIVمیں واقع بحریہ انکلیو، پارک ویو سٹی اور زون V- کی ہاؤسنگ سکیموں گلبرک، بحریہ ٹاؤن اور ریور گارڈن کی ہاؤسنگ سکیموں میں بنائے جا رہے تھے۔ان مکانات کو سر بمہر کرنے سے پہلے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ II- نے مختلف ہاؤسنگ سکیموں میں بنائے جانے والے مکانات میں بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر 500نوٹس جاری کئے تھے تاہم نوٹس کی معیاد ختم ہونے پر بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹII- نے ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی معاونت سے آپریشن کر کے 40 مکانات کو سر بمہر کر دیا ہے۔ تاہم یہ آپریشن تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا اوربلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز یہ آپریشن کر کے مکانات کو سر بمہر کیا جائے گا جب تک غیر قانونی تعمیرات اور رہائشی مکانات کو دیگر مقاصد کے لیے استعمال میں لانے کی خلاف ورزی کو ختم نہیں کیا جائے گا۔
دریں اثناء سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹڑول ڈائریکٹوریٹ II-نے مجسٹریٹ کی موجودگی میں سیکٹر E-11 میں بھی آپریشن کر کے نان کنفرمنگ استعمال پر 30 مکانات سر بمہر کر دیئے ہیں۔ سی ڈی اے کا یہ آپریشن پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کے علاوہ میجر شاہراؤں کے ساتھ ملحقہ ہاؤسنگ سکیموں میں جاری رہے گا۔