پیپلز پارٹی لاک ڈائون کی سیاست کے خلاف ہے ،کور کمیٹی کا اہم اجلاس پرسوں ہوگا ‘ راجہ پرویز اشرف

 
0
328

اسلام آباد اکتوبر 05 (ٹی این ایس): سابق وزیر اعظم و پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی لاک ڈائون کی سیاست کے خلاف ہے ،چیئرمین بلاول بھٹو نے کور کمیٹی کا اجلاس پرسوں ( پیر) کے روز طلب کیا ہے جس میں آئندہ کے حوالے سے اہم فیصلے ہوں گے،مہنگائی ،بیروز گاری سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے لیکن حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کے سینئر نائب صدر اسلم گل کی رہائشگاہ پر ان کے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کی اخلاقی حمایت جاری رہے گی اور ہماری کور کمیٹی کا اجلاس بھی پیر کے روز ہو رہا ہے جس میں آئندہ کے حوالے سے فیصلے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کا ہونا مسئلے کا حل نہیں بلکہ جب بھی انتخابات ہوں وہ شفاف ہونے چاہئیں ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کے پاس آزادی مارچ کو روکنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ،جب عوام تنگ ہوں اور وہ باہر نکل آئے تو پھر انہیں روکنا کسی حکومت کے بس میں نہیں ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ نظام کے تحفظ کی بات کی ہے اور اس کے تحفظ کے لیے ہر کردار ادا کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ احتساب کے خلاف نہیں لیکن آج جانبدار انہ احتساب ہو رہا ہے ۔ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور عدالتو ں کے سامنے پیش ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سے سب ہی تنگ ہیں ،مہنگائی اور بیروزی گاری کی وجہ سے مڈل کلاس طبقہ ختم ہو گیا ہے ۔ایک دکاندار سے لے کر صنعتکار تک سب مشکلات کا شکار ہیں لیکن حیرت ہے حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں۔