اسلام آباد (ٹی این ایس) پاکستانی خشک مرچوں کی پہلی برآمدی کھیپ چین پہنچ گئی

 
0
376

پاکستان کی اعلیٰ قسم کی 182 ٹن خشک مرچوں کی پہلی کھیپ چین کے صوبہ سیچوان کے شہر نیجیانگ پہنچ گئی۔چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ یہ اہم برآمدی کھیپ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں ایک نئے باب کی نشاندہی کرتی ہے اور اس سے اقتصادی تعاون میں اضافے کی راہ ہموار ہونے کی امید ہے۔

چائنا اکنامک نیٹ ( سی ای این) کی رپورٹ کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری کے زرعی تعاون منصوبے کے تحت خشک مرچ کی آمد اور گودام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خلیل ہاشمی نے کہا کہ پاکستان، جو اپنے ذائقے دار اور خوشبودار مصالحوں کے لیے جانا جاتا ہے، طویل عرصے سے خشک مرچوں کے ایک بڑے برآمد کنندہ کے طور پر جانا جاتا ہے۔

ملک کے منفرد موسمی حالات اور زرخیز مٹی ان سرخ مرچوں کی کاشت کے لیے بہترین ماحول فراہم کرتی ہے، جو اپنے غیر معمولی ذائقے اور معیار کے لیے مشہور ہیں۔انہوں نے مزید کہانیجیانگ سٹی میں خشک مرچوں کی پہلی کھیپ کی آمد پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ نہ صرف اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرتی ہے بلکہ ثقافتی تبادلے کو بھی فروغ دیتی ہے، جس سے چینی صارفین کو پاکستانی کھانوں کے بھرپور ذائقے تجربہ کرنے کا موقع ملے گا۔