جنوبی پنجاب کے فنڈز کو کسی اورشہر یا منصوبے کیلئے منتقل کرنے پر پابندی لگادی،وزیراعلیٰ پنجاب

 
0
258

لاہور اکتوبر 05 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے کہا ہے کہ میری ملتان اورملتان میں رہنے والوں سے دیرینہ وابستگی ہے ۔انہوںنے کہاکہ یہاں آکرمجھے حضرت بہائوالدین زکریاؒملتانی کے مزر پرحاضری کاشرف حاصل ہواہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ان خیالات کااظہارسرکٹ ہائوس ملتان میں اعلیٰ سطحی اجلاس اورمختلف منصوبوں کے افتتاح کے موقع پرکیا۔انہوں نے ملتان میںاربوں روپے کے منصوبوں کاافتتاح کیا اورسنگ بنیادبھی رکھا۔
وزیراعلیٰ نے نشتر ہسپتال ملتان میں فارمیسی اورسٹور بلاک کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔اس منصوبے پر 35کروڑ روپے لاگت آئے گی۔وزیراعلیٰ نے ملتان میں سنتھیٹک ٹرف ہاکی گراؤنڈ کا سنگ بنیادبھی رکھا۔اس منصوبے پر تقریباً 16کروڑ روپے لاگت آئے گی۔وزیراعلیٰ نے ملتان کے لئے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے علاقائی آفس کی تعمیر کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔
اس منصوبے پر 25کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔انہوںنے انسداد ڈینگی کے لئے عوامی شعور کی بیداری کیلئے قائم ڈیسک اورڈینگی بریگیڈکی گاڑیوں کابھی معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے انسداد ڈینگی کے لئے قائم ڈیسک میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا۔سرکٹ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں صوبائی وزراء ،اراکین اسمبلی،پارٹی عہدیداران اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پرانہوںنے نشتر ہسپتال ملتان میں ہیپاٹائٹس سے بچاؤ اورٹریٹمنٹ سینٹر کاافتتاح کیا۔
انہوںنے کہاکہ اس سنٹرسے ہیپاٹائٹس کی سکریننگ ،تشخیص اورعلاج کے علاوہ جگرکے امراض پرریسرچ کی سہولت بھی ہوگی ۔انہوںنے بتایاکہ ہیپاٹائٹس سینٹر پر 56کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔انہوںنے کہاکہ ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم باب بند کردیا ہے۔انہوںنے کہاکہ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر پورا فوکس ہے۔انہوںنے کہاکہ ماضی میں فنڈز کو اپنی مرضی سے من پسند منصوبوں پر خرچ کیے گئے سابق ادوار میں جان بوجھ کر جنوبی پنجاب کو ترقی کی دوڑ میں پیچھے رکھاگیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے فنڈز کو کسی اورشہر یا منصوبے کیلئے منتقل کرنے پر پابندی لگادی ہے اب جنوبی پنجاب کیلئے مختص فنڈز صرف جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی پر خرچ ہوں گے۔