وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے ریلوے ملازمین کے بچوں اور بچیوں کی فلاح و بہبود کے 4منصوبوں کا افتتاح کر دیا

 
0
1677

اسلام آباد اکتوبر 22 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ملازمین کی بچیوں کی تکنیکی تربیت سمیت ریلوے ملازمین کے بچوں اور بچیوں کی فلاح و بہبود کے 4منصوبوں کا افتتاح کر دیا ،ریلوے ملازمین کی بچیوں کو پنجاب ٹیکنیکل بورڈ سے منظور شدہ سلائی کڑھائی ،بیوٹیشن ،کھانے پکانے کے کورسز میسر ہونگے، ریلوے ملازمین کے بچے اور بچیوں کے لئے نیا پارک جبکہ سکول بس متعلقہ حکام کے حوالے کر دی گئی، ریلوے ملازمین نے عوام دوست وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے حق میں زبردست نعرے بازی کی، پھولوں کی پتیاں نچاور کیں ،شیخ رشید احمد نے دستکاری سکول میں فرنیچر کی فراہمی کے لئے ایک لاکھ روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔
منگل کو پاکستان ریلوے دستکاری سکول میں نئے تعمیر ہونے والے بلاکس اور شعبوں کے افتتاح کے لئے پروقار تقریب کا انعقاد ہوا ۔ڈویژنل سپریٹنڈنٹ پاکستان ریلوے سید منور شاہ ،ڈپٹی ڈی ایس انعام اللہ محسود سمیت ڈویژنل افسران کے علاوہ دستکاری سکول میں زیر تربیت بچیوں اور اساتذہ نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا پرتپاک استقبال کیا ۔خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ڈویژنل سپریٹنڈنٹ ریلوے سید منور شاہ نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی خصوصی ہدایات پر دستکاری سکول میں ریلوے ملازمین کی بچیوں کو بیوٹیشن اور کوکنگ کورسز شروع کرنے کے لئے نئے بلاکس تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ ریلوے ملازمین کی بچیوں کے لئے کمپیوٹر لیب بھی قائم کی گئی ہے کہ تا کہ بچیوں کو ان کورسز سے کے لئے دور نہ جانا پڑے ۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بیوٹیشن اور کھانا پکانے کی تربیت فراہم کرنے والے شعبوں کا باقاعدہ افتتاح کیا اور اعلان کیا کہ دستکاری سکول کے لئے ایک لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے تا کہ فرنیچر کی کمی پوری کی جاسکے ۔بعد ازاں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دستکاری سکول سے ملحقہ ریلوے ملازمین کے لئے نئے بنائے گئے پارک کا افتتاح کیا ۔
پارک میں بچے اور بچیوں کے لئے جھولوں ،خواتین اور بزرگوں کے بیٹھنے کے لئے بینچ رکھے گئے ہیں ۔بعد ازاں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سینٹرل ڈیزل ورکشاپ میں پاکستان ریلوے راولپنڈی ڈویژن کی جانب سے تیار کر دہ بس ریلوے ملازمین کے بچے اور بچیوں کو پک اینڈ ڈراپ کے لئے متعلقہ حکام کو فراہم کرنے کے لئے تقریب میں شرکت کی اور بس حوالے کر دی ۔
ڈویژنل سپریٹنڈنٹ ریلوے سید منور شاہ نے اس موقع پر وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریلوے ملازمین کے بچے اور بچیوں کو تعلیمی اداروں میں لانے اور لیجانے کے لئے دو بسیں تھیں جس میں دو گنا بچے سوار ہوتے تھے ،اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے پاکستان ریلوے کے پاس موجود بس کی تذہین و آرائش کر کے یہ بس تیار کی گئی ہے ۔ڈویژنل سپریٹنڈنٹ ریلوے سید منور شاہ نے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی نمائندگی کرتے ہوئے سی ڈی ایل ورکشاپ میں نئے ٹیوب ویل کا بھی افتتاح کیا ۔ریلوے ملازمین نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور ریلوے حکام کو اپنے درمیان پا کر انتہائی مسرت کا اظہار کیا اور پرجوش انداز میں نعرے بازی کرتے رہے ۔