پاکستان کے تخلیقی مستقبل کے بارے میں یونیسکو اور بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی میں پارٹنرشپ

 
0
9443

لاہور اکتوبر 25 (ٹی این ایس): بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی (BNU) 27اکتوبر 2019ء سے اپنے پہلے پانچ روزہ اسٹارٹ اپ ایکسلیریٹر کریٹو بزنس کے تربیتی پروگرام کا آغاز کریگی۔یہ پروگرام پاکستان کے تخلیقی مستقبل کے منصوبے کے تحت اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی آرگنائزیشن یونیسکو (UNESCO) کے اشتراک سے کوریا فنڈ اِن ٹرسٹ (K-Fit) کے تعاون سے پیش کئے جا رہے ہیں۔ یہ پروگرام بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی (BNU) کے تاروگل کیمپس رائے ونڈ روڈ لاہور میں منعقد ہونگے۔

منصوبے کے فریم ورک میں ”ایشیا اور بحرالکاہل میں ثقافتوں کی تخلیقی صنعتوں کی ترقی کیلئے علاقائی اور قومی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے‘ ‘،یونیسکو پاکستان میں تخلیقی کاروباری افراد کو بااختیار بنانے اور پائیدار ترقی کیلئے ثقافتی اور تخلیقی صنعتوں کی اہمیت سے آگاہی پیدا کرنے کی کوشش شامل ہے۔ اِن پروگرامز کے پیچھے ثقافتی اور تخلیقی صنعتوں سینما/ آڈیو ویزول آرٹس، ڈیزائن، میڈیا آرٹ، موسیقی، پرفارمنگ آرٹس، پبلشنگ، بصری آرٹس، ثقافتی نظم و نسق، ڈیجیٹل ثقافتی اور تخلیقی شعبوں میں حوصلہ افزائی کرنا اورکاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔

پروگراموں کے لئے درخواست دینے کی اوپن کال اگست 2019ء کے آخری ہفتے میں سوشل میڈیا پر جاری ایک آن لائن درخواست فارم کے ذریعے کی گئی تھی۔ جس کی آخری تاریخ 30ستمبر 2019ء مقرر کی گئی تھی۔ کال کو ایک بہت ہی حوصلہ افزاء رسپانس ملا اور اس پر 2000بار تک رسائی حاصل ہوئی جس کے نتیجے میں پروگراموں میں 12سلاٹس کے لئے 240درخواستیں آئیں۔ ان میں سے 135نے پاکستان کے تمام صوبوں اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے درخواستوں کی طویل فہرست میں شامل کیا۔
صنفی لحاظ سے 34.1فیصد خواتین درخواست دہندگان کے مقابلے میں 65.2فیصد مرد اور 0.7فیصد درخواست دہندگان ٹرانس جینڈر (خواجہ سرا) تھے۔
اس پروگرام کے لئے موصولہ درخواستوں میں نہ صرف زیادہ تر اربنائزڈ سٹیز بلکہ بلوچستان کے علاقوں کیچ، نوشکی اور شیرانی، خیبرپختونخواہ کے علاقوں بنوں، لوئر دیر، اپر دیر، ہنگو، لکی مروت اور مالاکنڈ،پنجاب میں بہاولنگر، بھکر، خوشاب، لیہ، راجن پور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ، سندھ سے سانگھڑ، سکھر اور عمر کوٹ کے علاوہ گلگت بلتستان سکردو، گلگت اور ہنزہ وغیرہ سے درخواست دہندگان بھی شامل ہیں۔

ثقافتی اور تخلیقی صنعتوں کے شعبوں کے لحاظ سے لانگ لسٹ میں درخواست دہندگان کے پروفائلز سینما/ آڈیو ویزول آرٹس (14.8%)، کلچرل مینجمنٹ (14.8%)، ڈیزائن (31.1%)، ڈیجیٹل کلچر اینڈ کریٹو (14.8%)، میڈیا آرٹس (3.0%)، میوزک (5.9%)، پرفارمنگ آرٹس (3.0%)، پبلشنگ (5.9%) اور بصری آرٹس (6.7%) نے نمائندگی کی۔
پروگرام کا ڈیزائن بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی (BNU)، یونیسکو (UNESCO) اور کوریا فنڈ اِن ٹرسٹ (K-Fit)کی ٹیموں اور ماہرین کے درمیان کئی مہینوں تک قریبی تعاون اور گہری بات چیت کا نتیجہ ہے۔
یہ ایک مکمل اسپانسرڈ، ایکشن سے بھرپور، اِن ریذیڈینس ٹریننگ پیکیج ہے جو پاکستانی کریٹو بزنس کی ضروریات کے عین مطابق ہے۔ تربیت کا طریقہ کار قومی اور بین الاقوامی ماہرین کے ذریعے ابتدائی اور انٹرمیڈیٹ مرحلے کے آغاز کے دونوں سطحوں پر پیش کردہ ایک دیسی کیس اسٹڈی پر مبنی نقطہ نظر کو استعمال کرتا ہے۔
ہفتہ بھر کا یہ طویل پروگرام 2نومبر 2019ء کو اختتام پذیر ہو گا۔