نوازشریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور، فوری رہائی ناممکن

 
0
220

لاہور اکتوبر 25 (ٹی این ایس): لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کر لی ہے تاہم ان کی فوری رہائی نا ممکن ہے۔نواز شریف جس کیس میں سزا یافتہ ہیں جب تک اس کیس میں ضمانت نہیں ہو گی تب ان کی رہائی ممکن نہیں۔نواز شریف کو احتساب عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید سزا سنائی ہے جس کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست زیر سماعت ہے جس پر منگل کے روز سماعت ہو گئی۔
اگر اس کیس میں نواز شریف کے حق میں فیصلہ آ جاتا ہے تو پھر ان کی رہائی پر عمل درآمد ممکن ہو سکے گا۔نواز شریف کو چوہدری شوگز ملز کیس کی تفتیش کے دوران ہی حراست میں لیا گیا تھا۔خیال رہے کہ نواز شریف کی ضمانت کے لیے دائر درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے کچھ دیر قبل فیصلہ محفوظ کیا تھا جو اب سنا دیا گیا ہے۔ عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا اور ایک کروڑ روپے کے دو ضمانی مچلکے بھی جمع کروانے کا حکم دیا۔
عدالتی فیصلہ میں کہا گیا کہ نواز شریف کوعلاج کے لیے طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہائی دی گئی۔ یاد رہے کہ جسٹس باقر علی نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے نواز شریف کی ضمانت کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی تھی ۔دوران سماعت عدالت نے نواز شریف کو درخواست میں فریق بننے کی اجازت دے دی۔ ڈاکٹر محمود ایاز نے 10رکنی بورڈ کی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی ۔
انہوں نے عدالت میں نواز شریف کی میڈیکل ہسٹری کی رپورٹ پڑھ کر سنائی۔ رپورٹ میں عدالت کو بتایا گیا کہ نواز شریف کی طبیعت رات کو دوبارہ بگڑ گئی تھی،ڈاکٹر نے کہا کہ ان کی طبعیت واقعی خراب ہے۔ ڈاکٹر محمود ایاز نے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف کے سینے اور بازوؤں میں تکلیف ہوئی ۔لاہور ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ کیا نواز شریف کی جان کو خطرہ ہے؟ جس کے جواب میں ڈاکٹر ایاز محود نے کہا کہ جی نواز شریف کی طبیعت تشویشناک ہے.ڈاکٹر نے بتایا کہ نواز شریف تب سفر کر سکتے ہیں جب ان کے پلیٹ لٹس کی تعداد پچاس ہزار ہو،اس سے پہلے وہ سفر نہیں کر سکتے۔
دوران سماعت عدالت نے نیب کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا نیب اس درخواست ضمانت کی مخالفت کرتا ہے؟ نیب وکیل نے کہ کہ اگر نواز شریف کا علاج پاکستان میں ممکن ہے تو یہیں ہونا چاہئیے۔ اگر نواز شریف کی صحت خطرے میں ہے تو ہمارے پاس کوئی اور آپشن نہیں۔ جس کے بعد لاہورہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو اب سنا دیا گیا ہے۔