پاکستان قیمتی کثیر الثقافتی ورثہ کا مالک ہے اور ملک بھر میں گندھارا تہذیب کے ورثہ کے متعدد آثار موجود ہیں،

 
0
241

اسلام آباد اکتوبر 29 (ٹی این ایس): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان قیمتی کثیر الثقافتی ورثہ کا مالک ہے اور ملک بھر میں گندھارا تہذیب کے ورثہ کے متعدد آثار موجود ہیں، حکومت مذہبی زائرین و سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات دینے کیلئے پرعزم ہے۔ وہ تھائی لینڈ کے بدھ مذہبی رہنما آریا وانگسو کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے 15 رکنی وفد کے ہمراہ منگل کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر صدر مملکت نے موجودہ حکومت کی جانب سے کرتارپور راہداری کھولنے اور مذہبی زائرین و سیاحوں کیلئے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفد نے حکومت پاکستان کی جانب سے میزبانی پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے دورہ سے تھائی لینڈ اور دیگر ممالک سے سیاحوں کے پاکستان کے دورے اور اس کی قدیم گندھارا تہذیب کا مطالعہ کرنے کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ تھائی راہب 15 رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان کے 5 روزہ دورہ پر آئے ہیں۔ یہ وفد تخت بھائی، پشاور عجائب گھر، ٹیکسلا عجائب گھر اور ہری پور میں تاریخی ورثہ کے حامل سیاحتی مقامات کا دورہ کرے گا۔