پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹر میں اختتام پزیر

 
0
4703

اسلام آباد اکتوبر 30 (ٹی این ایس): پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا اختتام نیول ہیڈ کوارٹرزاسلام آباد میں ہوا۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کی۔
کانفرنس کے دوران موجود علاقائی اور عالمی سیکورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں ،پاک بحریہ کے ترقیاتی منصوبوں اور فوجی دستوں کی تربیت و فلاح کا جائزہ لیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف کوپاک بحریہ کے مختلف جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگز دی گئیں۔
موجودہ جغرافیائی و عسکری حالات کا جائزہ لیتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور فلیٹ تنظیم میں تنظیمی تبدیلیو ں کو کو سراہا۔کشمیری عوام کی حالت زار پر بات کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیرکے حل تک کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ملک کی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لئے پر عزم ہے اور کہا کہ پاک بحریہ کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لئے ہر دم تیار ہے۔
کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس پاک بحریہ کی اعلیٰ ترین فیصلہ ساز باڈی ہے جس میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز، فیلڈ کمانڈرز اوردیگر اداروں میں عارضی طور پر تعینات پاک بحریہ کے فلیگ افسران کی جانب سے پاک بحریہ کی پالیسیوں اور منصوبوں کا عسکری جائزہ لیا جاتا ہے۔