سابق وزیراعظم نواز شریف نے جاتی امرا پہنچ کر سب سے پہلے قبروں پر حاضری دی

 
0
780

لاہور نومبر 06 (ٹی این ایس): سابق وزیراعظم نواز شریف کو اب سے کچھ دیر قبل سروسز اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا جس کے بعد انہیں ان کی رہائشگاہ جاتی امرا منتقل کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی رہائش گاہ جاتی امرا پہنچے تو کارکنوں کی ایک بڑی تعداد بھی جاتی امرا میں موجود تھی جنہوں نے نواز شریف کے گھر پہنچنے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور اپنے قائد کے حق میں نعرے لگائے گئے۔
طویل عرصہ کے بعد اپنے گھر پہنچنے پر سابق وزیراعظم نواز شریف نے قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ میاں نواز شریف نےاپنے والد میاں شریف, اہلیہ بیگم کلثوم نواز اور بھائی عباس شریف کی قبر پر حاضری اور فاتحہ خوانی کی۔ اور اس موقع پر ان کے ہمراہ ان کی والدہ شمیم اختر، بھائی شہباز شریف اور صاحبزادی مریم نواز بھی موجود تھیں۔ یاد رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کو سروسز اسپتال سے روانہ کیا گیا۔
سروسز اسپتال سے روانگی کے وقت ان کے ہمراہ مریم نواز ، ان کی والدہ اور ڈاکٹر عدنان بھی موجود تھے۔ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اس موقع پر دئے گئے بیان میں بتایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف شریف میڈیکل سٹی کی بجائے اپنی رہائشگاہ جاتی امرا میں علاج کروائیں گے۔ نواز شریف کے علاج کے لیے جاتی امرا میں خصوصی میڈیکل یونٹ بنادیا گیا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز نے نواز شریف سے ملاقاتوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ ڈاکٹرز کی ہدایت پر نواز شریف کو انتہائی نگہداشت میں رکھا جائے گا۔ ڈاکٹرز نے ان کی صاحبزادی مریم نواز کو والد کی صحت کے حوالے سے سخت حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ .مریم اورنگزیب نے بتایا کہ گھر پر بنائے گئے آئی سی یو میں وینٹی لیٹر اور کارڈیک آئی سی یو کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محمد نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کاﺅنٹس کم ہونے کے باعث Hospital Acquired انفیکشن ہونے کا شدید خطرہ ہے۔ ڈاکٹرز نے طبی خطرات کے پیش نظر نواز شریف کے لیے گھر پر خصوصی میڈیکل یونٹ بنانے کی تجویز دی تھی، جبکہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے مطابق ان کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 30 ہزار ہے۔