ڈی آئی خان نومبر 09 (ٹی این ایس): ڈی آئی خان میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، حملے کے دوران دہشت گرد پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر کے فرار ہوگئے، 2 جوان جام شہادت نوش کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان سے تشویش ناک خبر موصول ہوئی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کی جانب سے فراہم کردہ ابتدائی تفصیلات کے مطابق ڈی آئی خان میں دہشت گردوں کی جانب سے پولیس کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا ہے۔
حملے کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے چیک پوسٹ پر موجود پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔ دہشت گرد فائرنگ کر کے فوری وہاں سے فرار ہوگئے۔ دہشت گردوں کے حملے کے دوران پولیس فورس کے 2 جوان جام شہادت نوش کر گئے ہیں۔ واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ ڈی آئی خان میں کچھ روز قبل بھی دہشت گردوں کی جانب سے پولیس فورس کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس حملے میں بھی پولیس فورس کے جواب جام شہادت نوش کر گئے تھے۔ جبکہ اب ایک مرتبہ پھر سے ڈی آئی خان میں پولیس فورس پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے۔