واشنگٹن نومبر 11 (ٹی این ایس): امریکا نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ کرتار پور راہداری کا افتتاح پاکستان اور بھارت کے باہمی مفاد کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک ویڈیو پیغام میں محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن آرٹاگس نے کہا کہ اس نئی پیش رفت کا آغاز مذہبی آزادی کو فروغ دینے کی جانب مثبت اقدام ہے۔امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کہا گیا کہ محکمہ خارجہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کرتار پور راہداری کے افتتاح کا خیرمقدم کرتا ہے، ہم اسے باہمی مفاد کے لیے دونوں پڑوسی ممالک کے مابین مثبت مثال کے طور پر دیکھتے ہیں۔
مورگن آرٹاگس نے کہا کہ کرتارپور راہداری مذہبی آزادی کو فروغ دینے کی سمت ایک قدم ہے، اس سے بھارتی سکھ یاتریوں کو پاکستانی سرحد کے اندر واقع گردوارہ کرتار پور صاحب کا دورہ کرنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام پر بھارت اور پاکستان کو مبارکباد دیتے ہیں اور گرونانک کے 550 جنم دن کے موقع پر زائرین کو ہماری نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔