سابق صدر آصف علی زرداری کی علاج کے لیے کراچی منتقلی کی درخواست مسترد

 
0
457

اسلام آباد نومبر 12 (ٹی این ایس): سابق صدر آصف علی زرداری کی علاج کے لیے کراچی منتقلی کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔ احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے آصف علی زرداری کی علاج کے لیے کراچی منتقلی کی درخواست مسترد کی۔ احتساب عدالت اسلام آباد نے آصف زرداری کی درخواست پر دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد محفوظ فیصلہ کیا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز کی سماعت ہوئی۔
پمز اسپتال میں زیر علاج سابق صدر آصف علی زرداری کو پیش نہ کیا جاسکا تاہم فریال تالپور کو اڈیالہ جیل سے جج اعظم خان کے روبرو پیش کیا گیا۔ آصف علی زرداری کی علاج کے لیے کراچی منتقلی کی درخواست کی سماعت کے دوران ان کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ تاریخ کا حصہ بنے گا کہ ایک کیس کراچی میں بنا اور چل پنجاب میں رہا ہے، پرائیویٹ ڈاکٹر سے علاج کروانے سے نہیں روکا جا سکتا، علاج ہوگا تو صحت ہوگی اور ملزم کیسز کا سامنا کر سکیں گے۔
لطیف کھوسہ نے دلائل میں کہا کہ آصف زرداری کی پوری میڈیکل ہسٹری کراچی میں ہے، اس لئے ان کا بہتر علاج کراچی میں ہی ممکن ہے ایک مریض کو یہ آج بیرون ملک بھیجنے والے ہیں اور زرداری کو اپنا معالج دینے کو تیار نہیں ،نواز شریف کا ذاتی معالج ساتھ بھیجا جا رہا ہے ہمیں اپنے ڈاکٹر سے علاج کی اجازت نہیں، آصف زرداری نے حکومت سے نہ تو پہلے کوئی بھیک مانگی نہ اب مانگیں گے، یہ آپ کی غلط فہمی ہے کہ آصف زرداری کو توڑ دیں گے، آصف زرداری بیرون ملک نہیں جائیں گے اور نہ ہم ایسی درخواست کریں گے۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ انہوں نے 4 ڈاکٹرز کی فہرست دی، ان کی مرضی نہیں چل سکتی، درخواست اڈیالہ جیل حکام کو دیں یا ایگزیکٹو کو دی جائے یہ عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔اس عدالت میں کراچی منتقلی کی درخواست قابل سماعت ہی نہیں، معاملہ عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، یہ لوگ درخواست سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل یا پھر ایگزیکٹو کو دیں، آصف زرداری کو جیل سے اسپتال پہلے ہی منتقل کیا جا چکا ہے، اسپتال کو سب جیل قرار دے رکھا ہے، حکومت کے بنائے ہوئے میڈیکل بورڈ کی تجویز پر ہی زرداری اسپتال منتقل ہوئے، اب اُسی میڈیکل بورڈ اور حکومت کی رائے لینے کو یہ بھیک مانگنے سے تعبیر کر رہے ہیں، عدالت اسپتال بھجوا سکتی تھی باقی سہولیات کے لئے حکومت کو ہی درخواست دیں۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ اپنا حق عدالت سے مانگ رہے ہیں، اس عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجا، کراچی علاج کے لئے درخواست بھی اسی عدالت کو دی۔ جس کے بعد عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد آصف زرداری کی کراچی منتقلی کی درخواست مسترد کردی۔ آصف زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے انہیں 26 نومبر کو عدالت دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔