ایس ایم ای کریڈٹ اسکیم کے اجراء میں شفافیت اور بہترین میکنزم کو یقینی بنایا جائے‘شیخ علاؤالدین‘عائشہ غوث پاشا

 
0
485

لاہورجولائی20 (ٹی این ایس ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت و انویسٹمنٹ شیخ علاؤالدین اور صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا کی مشترکہ زیرصدارت ایس ایم ای کریڈٹ اسکیم کے اجراء کے حوالے سے منسٹر بلاک کے کمیٹی روم میں سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں فنانس ڈیپارٹمنٹ سے عبدالرحمان وڑائچ،آئی سی اینڈ آئی ڈیپارٹمنٹ، مینیجنگ ڈائریکٹرپنجاب سمال اندسٹریز کارپوریشن ،ایڈیشن ڈائریکٹر ایس ایم ای اسٹیٹ بینک کراچی عمران احمد اور متعلقہ افراد نے شرکت کی ۔دوران بریفنگ صوبائی وزراء کو بتایا گیاکہ ایس ایم ای کریڈٹ اسکیم کے اجراء کی پروپوزل تیار ہو چکی ہے ،اس کی سمری چیف منسٹر صاحب کو بھیجی جا چکی ہے ،سی ایم کی فائنل اپروول کے بعد اسٹیٹ بینک کو ایک درخواست ارسال کی جا ئے گی تب اسکیم کا اجراء ہوجائیگا اور بعد ازاں اسٹیٹ بینک کے ساتھ ایم او یو سائن ہوگا۔بینک اکاؤنٹ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے نام پر کھولاجا ئے گا۔صوبائی وزیر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ پنجاب حکومت لوگوں کو روزگار دینے کے لئے پہلے بھی ایسے پروگرام کا اجراء کرچکی ہے، جو کامیابی سے ہمکنار ہو چکے ہیں۔ایگریکلچر سیکٹر میں ای کریڈٹ اسکیم ایک عمدہ مثال دی جا سکتی ہے اور مجھے امید ہے کہ ایس ایم ای کریڈٹ اسکیم بھی ایک کامیاب اسکیم ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کا کردار ہوگا کہ وہ فنانشل اداروں کے پاس قرضہ لینے والوں کو لائیں اور اسٹیٹ بینک ایک ایسی پالیسی بنائے کہ کسی کو بھی کوئی مشکل درپیش نہ آئے۔صوبائی وزیر انڈسٹریز شیخ علاؤالدین نے کہا کہ ماضی میں دیکھا گیا ہے کہ اسکیموں کا اجراء ہوجاتا ہے مگر مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث اسکیم برا تاثر چھوڑ جاتی ہے۔اس پروگرام کو ایسے تیار کیا جائے کہ گورنمنٹ کی ساکھ بھی متاثر نہ ہو اور لوگوں کو قرض کے حصول میں دشواری کا سامنا نا کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ اسکیم کے اجراء کے وقت اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ قرض لینے وال پنجاب میں رجسٹرڈ ہوں اور انکا بزنس قانون کے تمام تقاضوں پر پورا اترے۔انہوں نے کہا کہ قرضوں کی واپسی کے لئے بہترین میکنزم تیار کیا جائے تاکہ قومی خزانہ واپس کیا جا سکے۔