ایل این جی سکینڈل ، اسلام آباد ہائیکورٹ کا مفتاح اسماعیل کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس ، 10 دسمبر تک جواب طلب

 
0
239

اسلام آباد نومبر 28 (ٹی این ایس): اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایل این جی سکینڈل کیس میں مفتاح اسماعیل کی ضمانت کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10دسمبر تک جواب طلب کرلیا۔جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کیخلاف ایل این جی سکینڈل کیس کی سماعت کی ۔مفتاح اسماعیل کی جانب سے ایڈووکیٹ حیدر وحید عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت سے درخواست کی ایل این جی کیس کے حتمی فیصلے تک ان کی ضمانت منظور کی جائے۔
عدالت نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی ضمانت کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 دسمبر تک جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے نیب کو مفتاح اسماعیل کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر پیراوائز کمنٹس جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 10 دسمبر تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور انہوں نے بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے ۔