چیئرمین سی ڈی اے نے ون ونڈو آپریشن ڈائریکٹوریٹ میں موصول ہونے والے کیسسز پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرنے والے سسٹم (Case Tracking & Acknowledgement System) کے غیر فعال ہونے کا نوٹس لے لیا

 
0
353

اسلام آباد نومبر 29 (ٹی این ایس): چیئرمین سی ڈی اے نے ون ونڈو آپریشن ڈائریکٹوریٹ میں موصول ہونے والے کیسسز پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرنے والے سسٹم (Case Tracking & Acknowledgement System) کے غیر فعال ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ون ونڈو ڈائریکٹوریٹ، اسٹیٹ مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈائریکٹوریٹ کے افسران اور عملے کو ہفتہ وار تعطیلات میں اس سسٹم کو فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔یہ سسٹم ون ونڈو آپریشن پر موصول ہونے والی درخواستوں پر ہونے والی پیش رفت سے درخواست گذاروں کو آگاہ کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ون ونڈو آپریشن، اسٹیٹ مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹس اور آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ کے تمام افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ وہ ہفتہ وار تعطیلات میں دفتر آ کر اپنے اپنے شعبوں کا تمام ڈیٹا فیڈ کریں اور پیر کے روز سے یہ سسٹم ہر لحاظ سے فنکشنل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پیر تک سسٹم فعال نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ ڈائریکٹر سے باز پرس کی جائے گی اور اس میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ون ونڈو آپریشن پر مہیا کی جانے والی دیگر سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور انہیں مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ون ونڈو آپریشن ڈائریکٹوریٹ شہریوں کی سہولت کے لیے بنایا گیا ہے جہاں ایک چھت تلے تمام سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔اس لیے تمام افسران اور عملے کو لگن اور جذبے کے ساتھ شہریوں کے مسائل حل کرنا ہوں گے تاکہ شہری ان سہولیات سے بھر پور استفادہ کر سکیں۔ون ونڈو آپریشن اور اس سے ملحقہ بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ میں تمام فائلوں اور سرکاری ریکارڈ کو محفوظ کرنے کے لیے با قاعدہ سٹور بنانے کے لیے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور یہ واضح کیا گیا ہے کہ فائل کی گمشدگی پر متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر اور اُس کے ماتحت عملے کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔