مسلم لیگ (ن) نے چیف الیکشن کمشنر کے لئے ناصر کھوسہ، جلیل عباس جیلانی ،اخلاق احمد تارڑ کے نام تجویز کر دئیے

 
0
295

اسلام آباد نومبر 30 (ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف حمزہ شہبازشریف نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے تین نام بھجوا دئیے ،شہبازشریف نے ناصر محمود کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد تارڑ کے نام تجویز کئے ہیں ۔ شہباز شریف کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ میری دانست میں یہ ممتاز شخصیات اس منصب کے لئے نہایت مناسب اور اہل ہیں،بغیر کسی مزید تاخیر کے چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کرنے کے یہ تین نام زیر غور لائیں۔
شہبازشریف نے کہا ہے کہ اس امید کے ساتھ آپ کو تین نام بھجوارہا ہوں کہ آپ کی طرف سے جلد جواب ملے گا۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ 6 دسمبر کو چیف الیکشن کمشنر کی پانچ سال کی آئینی مدت مکمل ہورہی ہے،الیکشن کمشن کے دو ارکان کے مناصب بھی تاحال خالی ہیں،الیکشن ایکٹ2017 کے سیکشن تین کے تحت الیکشن کمشن کا بینچ کم ازکم تین ارکان پر مشتمل ہونا چاہیے ،چیف الیکشن کمشنر، ایک یا ایک سے زائد ارکان کا تقرر نہ ہوا توالیکشن کمشن غیرفعال ہوجائے گا۔
شہبازشریف نے اپنے خط کے متن میں مزید کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل213 ٹواے کا تقاضا ہے کہ وزیراعظم قائد حزب اختلاف سے مشاورت کریں،وزیراعظم قائد حزب اختلاف کی مشاورت سے پارلیمانی کمیٹی کو چیف الیکشن کمشنر کی تقرری یا سماعت کے لئے نام بھجواتا ہے،میری دانست میں آئین کے تحت آپ کو مشاورت کا یہ عمل بہت عرصہ قبل شروع کرنا چاہیے تھا،الیکشن کمشن جیسے آئینی ادارے کو غیرفعال ہونے بچانے کی کوشش میں دوبارہ مشاورت کا عمل شروع کررہا ہوں،مجھے امید ہے کہ ان افرادکی اہلیت کی آپ پذیرائی کریں گے اور قانون کے مطابق فوری زیرغور لائیں گے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ مزید وضاحت یا معلومات درکار ہوں تو آپ کو فراہم کردی جائیں گی۔ بلوچستان اور سندھ سے الیکشن کمشن کے ارکان کی تقرری کے لئے اتفاق رائے پر مبنی مشاورت بھی ضروری ہے،مشاورت کے لئے عدالت عظمی نے اپنے متعدد فیصلوں کے ذریعے رہنمائی مہیا کردی ہے۔ قائد حزب اختلاف نے دوصفحات پر مشتمل اپنے خط میں عدالت عظمی کے نظائر کی تفصیل بھی درج کی ہے جس میں کہا گیاہے کہ میرے عقلی ومنطقی استدلال کے باوجودبدقسمتی سے ہماری مشاورت میں کمشن کے ارکان بارے اتفاق رائے نہ ہونے سے تعطل پیدا ہو،میں آپ پر زوردیتا ہوں کہ اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے اس مرتبہ مخلصانہ اور سنجیدہ کوشش کریں۔
شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان پر معاملے میں فوری کارروائی کے لئے زوردیا ہے۔