عمران نیازی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے، شہباز شریف

 
0
238

لاہور دسمبر 23 (ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے،جس منصوبے پر شاباش ملنی چاہیے تھی اس میں گرفتار کرلیا گیا، سی پیک اور پاک چین دوستی کو مضبوط بنانے والے کی گرفتاری افسوسناک ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ سے گھبرا کر سچ بولنے سے باز نہیں آئیں گے۔ انہوں نے احسن اقبال کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال کی بلاجواز گرفتاری نیب نیازی گٹھ جوڑ کا ایک ثبوت ہے۔
چین پاکستان کی دوستی اور سی پیک کو مضبوط بنانے والے شخص کی گرفتاری قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ پاکستان کی خدمت کرنے والی شاندار ٹیم کے ایک اور رکن کی گرفتاری اچھی روایت نہیں۔ احسن اقبال کی گرفتاری کا مقصد حکومت کی نالائقی اور نااہلی کو عوام کے سامنے بے نقاب ہونے سے روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احسن اقبال پارٹی کی تنظیم نو اور ملک بھر میں عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے سیاسی سرگرمیاں کررہے تھے۔
جس ادھورے منصوبے کو مکمل کرنے پر احسن اقبال کو شاباش ملنا چاہئے تھی، اس میں ان کی گرفتاری سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔ عمران نیازی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ جن لوگوں نے عوام اور پاکستان کی ایمانداری، محنت اور قومی جذبے سے خدمت کی، انہیں گرفتار کرکے اچھا پیغام نہیں دیا جارہا۔ نوازشریف کا ہر سپاہی، ہر کارکن اور ہر ٹیم ممبر نیب نیازی گٹھ جوڑ سے گھبرا کر سچ بولنے سے باز نہیں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی سی پیک، عوام اور پاکستان دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔ کوئی جیل یا کوئی جھوٹا مقدمہ اور کوئی نیب نیازی گٹھ جوڑ ہمیں عوام کے حقوق کا دفاع کرنے سے نہیں روک سکتا۔ حکومت ملک اور عوام کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔ اس لئے سیاسی انتقام کے ذریعے توجہ ہٹانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی مخالفین پر جھوٹے مقدمے بنانے اور جیل بھجوانے کے بجائے اہم قومی اور عوامی مسائل پر توجہ دے۔
واضح رہے نیب راولپنڈ ی نے مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو اسپورٹس سٹی کمپلیکس اسکینڈل میں گرفتار کرلیا ہے، احسن اقبال کو نیب راولپنڈی نے آج انکوائری کیلئے طلب کیا تھا۔ احسن اقبال نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے روبرو آج پیش ہوئے تھے۔ جہاں پر سوالات کے غیرتسلی بخش جوابات دینے پر نیب ٹیم نے ان کو گرفتار کرلیا ہے۔ نیب نے احسن اقبال کی گرفتاری سے متعلق اسپیکرقومی اسمبلی کو بھی خط لکھ دیا ہے۔
جس میں رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کی گرفتار ی سے اسپیکر کو آگاہ کیا گیا ہے۔اعلامیہ نیب میں بتایا گیا ہے کہ احسن اقبال کا آج میڈیکل معائنہ کیا جائے گا، احسن اقبال کو کل احتساب عدالت راولپنڈی میں پیش کیا جائے گا۔جہاں احسن اقبال کا عدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔