ہسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول ، بہتر ماحول کیلئے آگاہی ورکشاپ کا انعقاد

 
0
372

لاہورجولائی21(ٹی این ایس) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیو ٹ پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا ہے کہ حفضان صحت کے اصولوں پر عمل کر کے مریضو ں کی بیماری اور ان کی تعداد کو کم کیا جا سکتا ہے ،ہسپتالوں میں مستقل طور پر ماحول دوست اقدامات کو یقینی بنانا چاہیے اور بالخصوص ویسٹ مینجمنٹ کے مروجہ اصولوں پر سختی سے عمل ہونا چاہیے ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ہسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول کو یقینی بنانے کیلئے منعقدی آگاہی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ویسٹ مینجمنٹ ،ماحولیاتی اور جسمانی صفائی سے امراض پر قابو پانے اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے ہیلتھ کئیر کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کے حوالے سے اظہار خیال کیا گیا ،لاہور جنرل ہسپتال کی انفیکشن کنٹرول انچارچ نرس قرۃ العین نے لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ انفیکشن کنٹرول کیلئے ڈاکٹرز ،نرسز ،پیرامیڈیکل سٹاف اور مریضوں و لواحقین کو ٹیم ورک کے تحت کام کرنا ہو گا اور صفائی کے طے شدہ اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے بالخصوص ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال میں ان اصولوں پر عملدرآمد کرنا ہو گا اسی طرح جگہ جگہ تھوک و پان کی پیکیں پھینکنے سے اجتناب اور درست طریقے سے ہاتھ دھونے سے لے کر باتھ روم کے صحیح استعمال کو یقینی بنانا ہو گا۔ مقررین نے کہا کہ پرہیز سے بہتر علاج کے فارمولے پر عمل کرنے سے بھی انفیکشن کنٹرول کیا جا سکتا ہے اسی طرح بچوں اور غیر ضروری طور پر لواحقین کا ہسپتال میں آنا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جبکہ استعمال شدہ سرنجوں اور ڈرپس اور دیگر آلات کو صحیح طریقے سے تلف کرنا بھی ضروری ہے تربیتی ورکشاپ میں نرسز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ انفیکشن کنٹرول کیلئے اپنی تمام کاوشیں بروئے کار لائیں گی ۔