برطانیہ کا جی ایس پی پلس کی رعایت جاری رکھنے کا فیصلہ خوش آئند ہے ‘پیاف

 
0
315

لاہور جولائی21(ٹی این ایس ):پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ کے چیئر مین عرفان اقبال شیخ سینئروائس چیئر مین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئر مین خواجہ شاہ زیب اکرم نے بریطانیہ کی طرف سے یورپی یونین سے انخلا کے باوجود جی ایس پی پلس کی رعایت جاری رکھنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور اسے ملکی معیشت کی طرف ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔ عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ یو کے گورنمنٹ کیطرف سے جی ایس پی پلس کی رعایت جاری رکھنا ایک اہم فیصلہ ہے جس سے پاکستان کی گرتی ہوئی برآمدات کو سہارا ملے گا لیکن اس کے لئے برآمدات میں بہتری کی شدید ضرورت ہے۔ ہم جی ایس پی پلس سکیم کا فائدہ نہیں اٹھا پا رہے چونکہ گذشتہ تین سالوں سے ہمارا برآمدی ہدف پورا نہیں ہوپارہا ۔ عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی پیداواری لاگت زیادہ ہے اور پاکستان کی برآمدات مخصوص مصنوعات اور مخصوص ممالک تک محدود ہیں جن کی وجہ سے ہم برآمدات بڑھانے کا خواب پورا نہیں کرپا رہے۔ وائس چیئر مین پیاف تنویر احمد صوفی و خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہا کہ یورپی یونین کی طرف سے جی ایس پی پلس کا درجہ رکھنے والے ممالک میں سے پاکستان خاطر خواہ استفادہ ک نہیں کر سکاہے۔ ہمیں ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے شعبے میں ترقی کرنا ہو گی جس سے عالمی سطح پر تیزی سے بڑھتے چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکے گا ۔ ترقی یافتہ ممالک ریسرچ کرکے نئے ذرائع تلاش کر رہے ہیں جبکہ ہم خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔