پیراگون سکینڈل کیس ،خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں گیارہ روز کی توسیع

 
0
258

لاہور جنوری 13 (ٹی این ایس): لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون سکینڈل کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنماوں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں گیارہ روز کی توسیع کردی گئی ہے۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی ۔ سوموار کے روز عدالتی سماعت کے موقع پرپیراگون اسکینڈل کیس میں گرفتار خواجہ سلمان رفیق کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت کے روبرو پیش کیا گیا جبکہ پروڈکشن آرڈر پر قومی اسمبلی اجلاس میں مصروفیت کے باعث خواجہ سعد رفیق کو عدالت کے رو برو پیش نہ کیا جاسکا۔
دوران سماعت عدالت نے وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کے بیان کی نقول خواجہ برادران کے وکیل کو فراہم کر دی۔ جبکہ نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے قیصر امین بٹ کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی،جس میں بتایا گیا کہ بیماری کے باعث قیصر امین بٹ پیش نہیں ہو سکتے،ڈاکٹر نے ایک ہفتہ تک آرام کا مشورہ دیا ہے،تندرست ہوتے ہی عدالت میں پیش ہوجائیں گے۔
دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے قیصر امین بٹ کے علاوہ دیگر گواہوں کو طلب کرنے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے محکمہ مال کے گواہوں کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں گیارہ روز کی توسیع کرتے ہو ئے کیس کی سماعت 24 جنوری تک ملتوی کردی۔نیب کے استغاثہ کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنی اہلیہ، بھائی سلمان رفیق، ندیم ضیاء اور قیصر امین بٹ سے مل کر ایئر ایونیو سوسائٹی بنائی، جس کا نام بعد میں تبدیل کرکے پیراگون رکھ دیا گیا۔
نیب کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کی تشہیر کی اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور اربوں روپے کی رقم بٹوری۔نیب کے مطابق ملزمان کے نام پیراگون میں40 کنال اراضی موجود ہے۔