ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور برف باری سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پراظہار افسوس

 
0
256

اسلام آباد جنوری 13 (ٹی این ایس): ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور برف باری سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور برف باری سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، خاص کر کان مہترزئی، مسلم باغ، ضلع زیارت اور سنجاوی، شیلا باغ، مچھ، بولان، کولپور، مستونگ، تربت، پنجگور، مکران اور دیگر شدید برف باری اور طوفانی بارشوں کی زد میں ہیں اور کئی مسافر راستے میں پھنسے ہوئے ہیں۔
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ متعدد علاقوں میں اب تک ایک فٹ تک برف پڑنے کی وجہ سے بلوچستان کی متعدد قومی شاہراہیں اور رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ انہوں نے متعلقہ اداروں کو حالیہ بارشوں اور برف باری کے باعث ہونے والے نقصانات کے ازالے، متاثرین اور بند شاہراہوں کی فوری بحالی کیلئے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ان کی اطلاعات کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ایف سی کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اہلکار برف میں پھنسے لوگوں کو امدادی اشیاء اور خوراک مہیا کر رہے ہیں جبکہ پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای) حکام کے مطابق محکمہ کی ٹیمیں کان مہترزئی اور مسلم باغ سمیت مختلف علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حفاظتی اقدامات کے طور پر متعلقہ حکام کی جانب سے شہریوں کو یہ ہدایت بھی کی جا رہی ہے کہ اپنے گھروں میں رہیں اور موسم کے بہتر ہونے تک سفر سے اجتناب کریں۔ انہوں نے بارشوں اور برف باری کے باعث ہونے والے حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے ایصال ثواب اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یانی کیلئے دعا کی۔