امریکن کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی نے پاکستانی معیشت کومستحکم قراردے دیا

 
0
300

اسلام آباد 13 جنوری (ٹی این ایس): امریکن کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستانی معیشت کو مستحکم قرار دے دیا، فچ نے کہا کہ پاکستانی معیشت کی بی مائنس ریٹنگ برقرار ہے جبکہ آؤٹ لک مستحکم ہے، کرنٹ خسارہ کم اورزرمبادلہ کے ذخائر بڑھے ہیں، رواں مالی سال جاری خسارہ2.1 فیصد سے کم ہوکراگلے مالی سال میں1.9 فیصد رہنے کے اندازے ہیں۔ فچ نے پاکستان کی معیشت پر اپنی رپورٹ میں کہا کہ رواں مالی سال جاری خسارہ جی ڈی پی کے 2.1 فیصد رہنے کے اندازے ہیں۔
اگلے مالی سال میں جاری خسارہ جی ڈی پی کے 1.9 فیصد رہنے کے اندازے ہیں۔ پاکستان کا کرنٹ خسارہ کم ہوا ہے اورزرمبادلہ کے ذخائر بڑھے ہیں۔ فچ نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام اور پالیسی ایکشن نے معاشی خرابیوں کو دورکیا ہے۔ جس کے باعث پاکستانی معیشت کی بی مائنس ریٹنگ برقرار ہے جبکہ معاشی آؤٹ لک مستحکم ہے۔ دوسری جانب ملک میں مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ہفتے کے دوران 0.36 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق 9 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران مشترکہ گروپ کے لئے قیمتوں کا حساس اعشاریہ 132.32 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ ہفتے مشترکہ گروپ کے لئے قیمتوں کا حساس اعشاریہ 131.84 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا۔17 ہزار 732 روپے ماہانہ آمدنی والے گروپ کے لئے مہنگائی کی شرح گزشتہ ہفتے کے دوران 0.45 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد وشمار کے مطابق 17 ہزار 737 روپے سے لے کر 22 ہزار 888 روپے ماہانہ،22 ہزار 889 روپے سے لے کر 29 ہزار 517، 29 ہزار 518 سے لے کر 44 ہزار 175 اور 44 ہزار سے زائد ماہانہ آمدنی رکھنے والے گروپوں کے لئے مہنگائی کی شرح میں بالترتیب 0.44، 0.42، 0.41 اور 0.30 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران ایک اشیائے ضروریہ میں کمی، 27 کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 23 کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ان میں دال، کیلا، دال ماش، ٹماٹر، دال مونگ، انڈے، آلو، لہسن، گڑ، آٹا، ماچس، دال مسور، واشنگ سوپ، چکن، چینی، خشک دودھ، سرسوں کا تیل، بناسپتی گھی، ایل پی جی، گوشت، ٹوائلٹ سوپ ، کوکنگ آئل، ہڈی والا گوشت، باسمتی چاول اور اری چاول شامل ہیں۔