نواز شریف ’’ میں نہیں تو کچھ نہیں‘‘  کے اصول پر چل رہے ہیں : بلاول

 
0
327

اسلام آباد،  مارچ 02 (ٹی این ایس): پاکستان  پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف ’’ میں نہیں تو کچھ نہیں‘‘  کے اصول پر چل رہے ہیں،نوازشریف اپنے لیے ملک کو خطرے میں ڈالنا چاہتے ہیں،پاکستان میں سنجیدہ مسائل ہیں، ہمیں کسی ایک شخص کی پرواہ نہیں کہ اس کے ساتھ کیا ہوا؟ احتساب صرف پیپلزپارٹی کے لیے شروع ہوا، اب باقی سب پریشان ہیں کہ ان کے ساتھ کیوں ہورہا ہے، نوازشریف کو جمہوریت کی مضبوطی اور عدالتی اصلاحات میں کوئی دلچسپی نہیں، ہم سب کے لیے ایک قانون چاہتے ہیں۔

زرداری ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’’ مجھے کیوں نکالا‘‘  کے علاوہ بہت مسائل ہیں، ملک میں معاشی بحران آرہاہے، خارجہ پالیسی بھی بحران کا شکار ہے، پاکستان میں کئی  سنجیدہ مسائل ہیں، ہمیں کسی ایک شخص کی پرواہ نہیں کہ اس کے ساتھ کیا ہوا؟ حکومت کا کام جلسے کرنا نہیں ہوتا، عوام کو کیوں نکالا اور پاناما سے کوئی غرض نہیں، عوام غربت، بیروزگاری کا خاتمہ اور اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ احتساب صرف پیپلزپارٹی کے لیے شروع ہوا، اب باقی سب پریشان ہیں کہ ان کے ساتھ کیوں ہورہا ہے؟نوازشریف ہارس ٹریڈنگ کے استاد ہیں، ہم ان کا مقابلہ نہیں کرسکتے، وہ اپنے لیے ملک کو خطرے میں ڈالنا چاہتے ہیں، وہ ایک اصول پر چل رہے ہیں کہ میں نہیں تو کچھ نہیں۔یک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نوازشریف ملک میں واحد انسان ہیں جو تین بار وزیراعظم بنے، ان کی حکومت کو پانچ سال ہونے والے ہیں لیکن انہوں نے پارلیمان کو مضبوط کرنے کے لیے کیا کیا؟ انہوں نے سینیٹ اور اسمبلی میں کتنی حاضری یقینی بنائی؟ اب وہ عدالتی اصلاحات کی بات کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کو جمہوریت کی مضبوطی اور عدالتی اصلاحات میں کوئی دلچسپی نہیں، ہم عدالتی اصلاحات کی بات کرتے آئے ہیں، ہم پچھلے چار سال سے کہتے آرہے ہیں لیکن اب یہ تین ماہ میں کیا کریں گے؟۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوازشریف کی حکمت عملی ہے کہ وہ کسی نہ کسی طرح بچ جائیں ، ایک وزیراعظم کی شہادت پر مٹھائیاں بانٹیں اور شہید بی بی کے خلاف جعلی کیسز بنائے ،ہم عوام کے مسائل اور یہ لوگ مجھے کیوں نکالا کے ساتھ لڑیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانچ سال حکومت میں رہے تب پی آئی اے کی نجکاری کیوں نہیں کی؟ اب وزیراعظم کی اپنی ایئرلائن ہے اس لیے وہ پی آئی اے بیچ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کے لیے ایک قانون چاہتے ہیں، کہیں پر کوئی امتیاز نہیں چاہتے، نوازشریف ابھی سے کہہ رہے ہیں کہ انہیں کوئی اعتماد نہیں۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کوشش ہے سینیٹ میں اچھی کارکردگی دکھائیں، انتخابات وقت پر ہوں گے۔