صندل خٹک نے ایف آئی اے کے خلاف سیشن کورٹ میں درخواست دائرکردی

 
0
567

اسلام آباد جنوری 16 (ٹی این ایس): متنازع ویڈیوز سے شہرت حاصل کرنے والی ماڈل صندل خٹک نے لاہور سیشن کورٹ میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے خلاف درخواست دائر کردی ہے.صندل خٹک نے سیشن کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں الزام عائد کیا ہے کہ ایف آئی اے انہیں ہراساں کر رہا ہے اور وفاقی تحقیقاتی ادارے کو ایسا کرنے سے روکا جائے ماڈل کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے انہیں 28 اکتوبر اور 5 نومبر 2019 کو نوٹسز جاری کرکے تفتیش کے لیے پیش ہونے کا کہا.ماڈل نے اپنی درخواست میں لکھا کہ انہیں یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ ان کے خلاف کس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں دائر کی گئی درخواست میں صندل خٹک نے عدالت سے استدعا کی کہ ایف آئی اے کو ان کے خلاف جاری تحقیقات سے متعلق تمام دستاویزات عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے.
اپنی درخواست میں انہوں نے کہا کہ انہیں کسی طرح کی کوئی معلومات نہیں دی گئی اور نہ ہی ان کے خلاف لگائے گئے الزامات کے حوالے سے انہیں کچھ بتایا گیا انہوں نے درخواست میں دعویٰ کیا کہ وہ کبھی بھی کسی طرح کی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہیں اور وہ ملک کی معصوم شہری ہیں. اپنی درخواست میں ایف آئی اے پر”ہراساں“کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے عدالت سے درخواست کی کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے کو ہراساں کرنے سے روکا جائے.عدالت نے ماڈل کی درخواست پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 فروری کو دستاویزات سمیت طلب کرلیا ہے.خیال رہے کہ صندل خٹک ساتھی ماڈل حریم شاہ کے ساتھ متنازع ویڈیوز بنانے کے حوالے سے ملک بھر میں شہرت رکھتی ہیں دونوں ماڈلز کئی سیاسی راہنماﺅں اور دیگر شخصیات کے ساتھ متنازع ویڈیوز بناتی نظر آتی ہیں جب کہ حریم شاہ کی دفتر خارجہ میں بنائی گئی ویڈیو نے بھی ملک میں ہنگامہ مچا دیا تھا.
صندل خٹک اور حریم شاہ کے حوالے سے یہ اطلاعات بھی ہیں کہ وہ متنازع ویڈیوز کی وجہ سے خود کو غیر محفوظ سمجھنے کے بعد بیرون ملک منتقل ہونے کی کوششیں بھی کر رہی ہیں اور دونوں نے کینیڈا میں سیاسی پناہ کی درخواست بھی دے رکھی ہے.