وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس، آٹے و گندم کی قیمتوں اور ڈیمانڈ و سپلائی،کرشنگ سیزن اور کاشتکاروں کو ادائیگیوں کا جائزہ

 
0
315

لاہور جنوری 16 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبے میں آٹے و گندم کی قیمتوں اور ڈیمانڈ و سپلائی کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میںگنے کے کرشنگ سیزن اور کاشتکاروں کو ادائیگیوں کابھی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گندم کا سرکاری کوٹہ اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے والی فلور ملوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ کسی فلور مل کو گندم کا کوٹہ اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
خلاف ورزی پر فلور ملوں کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ صوبے کے خارجی راستوں پر مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ صوبے کے عوام کا مفاد سب سے زیادہ مقدم ہے۔ عوام کو مناسب نرخوں پر آٹے کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کروں گا۔ عوام کو آٹے کی دستیابی کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیئے۔
جس ضلع سے شکایت ملی، میں ایکشن لوں گا۔ فلور ملیں محکمہ خوراک سے جو گندم خرید رہی ہیں، اس کا آٹا ہر صورت مارکیٹ میں آنا چاہیئے۔ خریدی گئی گندم کی سو فیصد گرائنڈنگ یقینی بنائی جائے۔ فلور ملوں میں آٹے کی گرائنڈنگ کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے اوراس کی رپورٹ پیش کی جائے۔انہوںنے کہا کہ صوبے میں کسی جگہ بھی آٹے کی قلت نہیں ہونی چاہیئے۔
صوبے کے ہر چھوٹے بڑے شہر اور دیہات میں آٹے کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ خوراک کے حکام کو ہدایت کی کہ فلور ملوں کو فیئر پرائس شاپس لگانے کا پابند بنایا جائے اور فیئر پرائس شاپس پرایکس مل ریٹ پر آٹے کی دستیابی یقینی بنائی جائے ۔ انہوںنے کہا کہ صوبائی وزیر خوراک ایشوز کے حل کیلئے خود لیڈ لیں اور محکمہ خوراک کے کرپٹ افسروں اور اہلکاروں کے خلاف بلاتفریق ایکشن لیا جائے۔
سیکرٹری خوراک نے گندم اور آٹے کی قیمتوں اور ڈیمانڈ و سپلائی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک فلور ملوں کو روزانہ 4 ہزار میٹرک ٹن گندم ریلیز کر رہا ہے اور صوبے میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد نہ کرنے والی فلور ملوں کیلئے گندم کا کوٹہ معطل کیا گیا ہے۔ صوبے میں گندم یا آٹے کی کوئی قلت نہیں۔
صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری بہاولپور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری خوراک، ڈائریکٹر فوڈ، سیکرٹری کوآرڈینیشن وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں کرشنگ سیزن اور کاشتکاروں کو ادائیگیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں اس وقت شوگر ملیں گنے کی کرشنگ کر رہی ہیں اور پنجاب میں 10 ملین میٹرک ٹن کرشنگ ہو چکی ہے اور پنجاب میں 10 لاکھ 51 ہزار ٹن چینی کے ذخائر موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ گزشتہ برس گنے کے کاشتکارو ںکو 99 فیصد ادائیگی کی جا چکی ہے اور رواں برس گنے کے کاشتکاروں کو تقریباً 80 فیصد ادائیگیاں ہو چکی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گنے کے کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ پہلے بھی کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔پنجاب حکومت کی واضح ہدایات پر صوبے کی بعض بند شوگرملوں نے بھی کرشنگ کا آغاز کر دیا ہے۔
گنے کے کاشتکاروں کے حقوق پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔میں کاشتکاروں کے حقوق کا نگہبان ہوں۔ شوگر ملوں کو گنے کے وزن میں کٹوتی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ گنے کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا ثمر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے گنے اور گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ کر کے کاشتکار کے حقوق کا تحفظ کیاہے۔ گزشتہ حکومت نے اپنے دور میں گنے اور گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ نہ کر کے کاشتکاروں کااستحصال کیا۔
ہماری حکومت کسان دوست ہے،کاشتکار خوشحا ل ہوگا تو پنجاب خوشحال ہوگا۔ تحریک انصاف کی حکومت حقیقی معنوں میں کسان دوست حکومت ہے اور ہم وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق زراعت کے فروغ اور کاشتکار کی آمدن میں اضافے کیلئے کوشاں ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نیا سال خوشحال ، ترقی یافتہ اور پرامن نئے پاکستان کی بنیاد ثابت ہو رہا ہے۔
تنقید برائے تنقید کے باوجود عوام کی خدمت میں کمی نہیں آنے دی۔ہم نے باتیں کم اور کام زیادہ کئے جبکہ اپوزیشن صرف کھوکھلے نعرے لگاتی رہی۔ 2020 ء پاکستان کے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا سال ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒکے وژن کے مطابق پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ ماضی میں عوام کی بنیادی ضروریات کو نظر انداز کیا گیا اور نمائشی منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کئے گئے۔
ہم نے مختصر عرصے میںمختلف شعبوں میں اصلاحات کر کے نئی مثال قائم کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور انشاء اللہ 2020 میں پاکستان اپنی اصل منزل حاصل کرے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے روزنامہ پاکستان لاہور کے ایڈمنسٹریٹرجمیل قیصر کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔