وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو بھجوادیا

 
0
366

کراچی جنوری 16 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان کی کابینہ سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وزارت سے اپنا استعفیٰ باضابطہ طور پر بھجوا دیا ہے. انہوں نے اپنا استعفیٰ اعلان کے چوتھے دن بھیجا ہے وہ بحیثیت وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کابینہ میں شامل تھے‘ایم کیو ایم پاکستان کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے گزشتہ اتوار کے دن ایک پریس کانفرنس میں وفاقی وزارت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا.ذمہ دار ذرائع کے مطابق ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم ہاﺅس کو بھیج دیا ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ اسے فوری طور پر منظور کیا جائے.خالد مقبول صدیقی نے 12 جنوری کو حکومت سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزارت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا جس پر اسد عمر کی سربراہی میں حکومتی وفد انہیں منانے ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بھی گیا تھا.
ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا تھاکہ پی ٹی آئی کے وفد سے ملاقات ہوئی ہے لیکن یہ مذاکرات نہیں تھے ان کا کہنا تھا کہ حکومت سے وعدے پورے نہ کرنے کا گلہ کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت وفاق کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی. وفاقی وزیر اسد عمر نے کہاتھا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کابینہ میں رہیں اور اس کی انہیں یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے ان کا کہنا تھا کہ معاملات ہمیشہ مذاکرات سے حل ہوتے ہیں.
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان اختلافات تاحال برقرار ہے اور ایم کیو ایم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کویقین دہانی کے بجائے عملی اقدامات کرنا ہوں. دوسری جانب تحریک انصاف نے اتحادیوں کو منا نے کے لیے بھاگ دوڑ شروع کر دی ہے حکومتی وفد جہانگیر ترین کی سربراہی میں جی ڈی اے کے وفد سے ملاقات کرنے کے لیے پہنچ گیا.حکومتی وفد کی جانب سے جی ڈی اے کو شکایات دور کرنے کی یقین دہانی کر وائی گئی حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے بی این پی مینگل کے وفد سے بھی ملاقات کی، بی این پی مینگل کے تحفظات اور مطالبات پر غور کیا گیا.