عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے جھوٹی خبر پھیلانے والے کومعاف کردیا، میرے انتقال کی جھوٹی خبرڈی جی خان کے شعیب قیصرانی نے پھیلائی، پولیس نے متعلق شخص کوگرفتار کرلیا ہے۔ لیجندڑی فوک گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی

 
0
405

لاہور اپریل 05 (ٹی این ایس): معروف گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے جھوٹی خبر چلانے والے کومعاف کردیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے انتقال کی جھوٹی خبرڈی جی خان کے شعیب نے چلائی، پولیس نے متعلق شخص کوگرفتار کرلیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لیجندڑی فوک گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے بتایا کہ میرے انتقال کی جھوٹی خبر چلانے والے کا تعلق ڈیرہ غازیخان سے ہے۔ جھوٹی خبر شعیب قیصرانی نامی شخص نے پھیلائی۔
ڈی پی او ڈی جی خان نے متعلقہ شخص کوگرفتار کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اس شخص کو معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مزید برآں گلوکارعطاءاللہ عیسیٰ خیلوی نے گزشتہ روزاپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ میں صحت یاب ہو کر اپنے گھر پہنچ چکا ہوں اور اب بہت بہتر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹی خبریں دینے والوں کو اللہ ہدایت دے۔ عطااللہ عیسیٰ خیلوی نے کہا ہے کہ ستارہ امتیاز لیتے وقت میں اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہو سکتا تھا اور بیماری کی وجہ سے میرا ایک شو بھی متاثر ہوا جبکہ ملتان میں شدید بیماری کی حالت میں میں نے ایک شو کیا۔
انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ 13اپریل کو دبئی میں شو کریں گے اور اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں ان کی صحت یابی کے لیے دعا کرنے والے تمام لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ عطااللہ عیسیٰ خیلوی پاکستان کے لیجنڈ گلوکار ہیں جنہوں نے سرائیکی، اردو اور پنجابی میں سینکڑوں گیت گائے ہیں اور ابھی بھی فنِ موسیقی کی خدمت کا یہ سلسلہ جاری ہے۔
ان کا سیاسی تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے۔ پی ٹی آئی کے لیے انہوں نے کئی نغمے بھی گائے۔ گزشتہ دنوں وہ بیمار تھے اور انہیں ہسپتال داخل کروایا گیا تھا لیکن جمعرات کے روز سوشل میڈیا پر افواہیں اڑ رہی تھیں کہ وہ دنیا میں نہیں رہے لیکن انہوں نے خود ویڈیو پیغام کے ذریعے ان تمام خبروں کی تردید کی۔ اور اپنے چاہنے والوں کو صحت یابی کی دعا کرنے پر شکریہ کا پیغام دیا ہے۔