مکانات کی کمی کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل و مشکلات کا خاتمہ سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ

 
0
305

ٹھٹھہ جنوری 18 (ٹی این ایس): چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا ہے کہ مکانات کی کمی کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل و مشکلات کا خاتمہ سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ٹھٹھہ میں شیلٹر ہومز کی تعمیر روٹری کی عظیم عوامی خدمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ٹھٹہ کے قریب گاؤں چلیا میں روٹری ہیومن ٹرسٹ کی جانب سے تعمیر کردہ “روٹری جو گوٹھ” کے مکانات مقامی غریب افراد کو سپرد کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پ پ پ کے رکن سندھ اسمبلی سید ریاض حسین شاہ شیرازی، پ پ پ رہنماء و سابق ایم این اے ڈاکٹر عبدالواحد سومرو، ڈویزنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ، ڈی آئی جی حیدرآباد نعیم احمد شیخ، ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ محمد عثمان تنویر، چیئرمن روٹری ہیومنٹیرین ٹرسٹ محمد فیض قدوائی، انجنیئر محمد اقبال و دیگر موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ صوبہ میں اپنے وسائل کے تحت کام کر رہی ہے لیکن سول سوسائٹی کا بھی معاشرے میں اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ روٹری کی جانب سے غریب مستحقین کیلئے مکانات بنائے گئے ہیں، اس قسم کے مکانات سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی تعمیر کرنے چاہیں تاکہ بے گھر افراد کی مدد ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کا بڑا اجر ہے حکومت سندھ اور میں خود اس نیک کام میں آپ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روٹری ہیومنٹیرین ٹرسٹ ایک انٹرنیشنل تنظیم ہے اور یہ جو کام اٹھاتے ہیں اسے پایہ تکمیل تک پنجاتے ہیں۔ بعد ازیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ ٹھٹھہ کی جن تحصیلوں اور دیہات کا روینیو رکارڈ 2007ء میں جل گیا تھا اس کی دوبارہ بحالی کا کام جاری ہے اور اب کوئی بھی مسئلا پیدا نہیں ہوگا بلکہ ترقی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ونڈ کوریڈور کے منصوبے چل رہے ہیں اور ونڈ پاور پراجیکٹ اور دیگر انڈسٹریز لگ رہی ہیں اور انشاء اللہ آئندہ دنوں میں ٹھٹھہ بہت ترقی کرے گا اور خوشحالی آئے گی پوری معاشی ترقی ہوگی جبکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ کینجھر جھیل میں فیکٹریوں کے کیمیکل زدہ گدلہ پانی کی آمد کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کینجھر جھیل کی درست طریقے سے صفائی اور اس کی اسٹوریج بڑھانے اور پانی کی ٹریٹمنٹ کے متعلق کے فور منصوبے میں شامل ہے۔ سندھ بیراج کی تعمیر کے متعلق کئے گئے سوا کے جواب میں چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ سندھ میں جو بھی بیراج بنے گا مقامی لوگوں کے تحفظات دور کئے جائیں گے اور سندھ کے لوگوں کی ترقی اور بھلائی کیلئے بنے گا۔ انڈس ڈیلٹا کی تباہی اور مینگروز کے خاتمہ کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے متعلق بہت زیادہ مینگروز لگانے کے منصوبے پر کام جاری ہے اور مینگروز کی کٹائی کی اجازت کسی کو بھی نہیں دی جا‏ئے گی جبکہ انڈس ڈیلٹا پر مزید مینگروز لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں قدیم دیہات ہیں انہیں آباد کیا جائے گا بورڈ آف روینیو اس پر کام کر رہی ہے جلد سندیں جاری کی جائیں گی تاکہ انہیں مالکانہ حقوق مل سکیں اور ناجائز قابضیں اور لینڈ مافیا کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور جس کا حق ہوگا انہیں اپنا حق ملے گا۔ سندھ یونیورسٹی کیمپس کے قیام کیلئے صحافی کی جانب سے گئے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ یونیورسٹی کی جانب سے صوبہ سندھ میں تقریبن آٹھ کیمپس قائم کی گئی ہیں اور انشاء اللہ جلد سندھ یونیورسٹی ٹھٹھہ کیلئے زمین الاٹ کی جائے گی تاکہ یہاں کے نوجوانوں کو اپنے ہی علاقے میں اعلی تعلیم فراہم ہو سکے۔ ٹھٹھہ میں او لیول اسکول کی بند بلڈنگ کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا کہ یہ ایک اچھی بات ہے کہ سندھ میں او اور اے لیول تعلیم کی فراہمی کیلئے بلڈنگز تعمیر کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پروگرام ہے کہ نہ صرف اچھی بلڈنگز بنائیں بلکہ اچھی اور معیاری تعلیم بھی فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے صرف پرائیویٹ اسکولوں میں او اور اے لیول کی تعلیم بھاری خرچہ سے فراہم کی جاتی تھی اب یہی سرکاری اسکولوں میں مہیا کی جائے گی۔ اس موقع پر چیئرمن روٹری ہیومنٹیرین ٹرسٹ محمد فیض قدوائی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ روٹری شیلٹرز کی تعمیر پر 25 ملین روپے لاگت آئی ہے اور 165 مکانات پر مشتمل ہے جوکہ گذشتہ سیلات سے متاثر ہونے والے بے گھر غریب افراد کو دیئے جا رہے ہیں جس میں سے 55 مکانات کی تعمیر کیلئے آر ایچ ٹی نے تعاون کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آر آیچ ٹی نے پروجیکٹ کی حدود میں اسکول بھی قائم کر دیا ہے اور کلاسیں بھی شروع کی جا چکی ہیں۔ تقریب میں روٹری ہیومنٹیرین ٹرسٹ کے اعزازی سیکیرٹیر انجنیئر محمد اقبال قریشی نے چیف سیکریٹری سندھ اور دیگر معززین کا روٹری جو گوٹھ کے افتتاح کیلئے ٹھٹہ آمد پر ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس پروجیکٹ کا سنگ بنیاد 2011ء میں رکھا گیا جس کیلئے صدر روٹری انٹرنیشنل کلیان بیزجی پاکستان تشریف لائے تھے انہوں نے کمشنر حیدرآباد اور ضلعی انتظامیہ ٹھٹھہ باالخصوص حکومت سندھ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ بعد ازیں چیف سیکریٹری نے متاثرین میں مکانات کی چابیاں اور سندیں تقسیم کیں۔ آخر میں مہمان خصوصی کو شیلڈز اور سندھ کی ثقافت ٹوپی اور اجرک کے تحائف بھی پیش کئے گئے۔