سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ I- نے سال 2019 ؁ء کے دوران تقریباً582ملین روپے بلڈنگز پلان کی منظوری، تکمیلی سرٹیفکیٹس، این او سی اور نان کنفرمنگ استعمال میں جرمانے کی مد میں ریونیو اکٹھا کیا

 
0
430

اسلام آباد جنوری 20 (ٹی این ایس): سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ I- نے سال 2019 ؁ء کے دوران تقریباً582ملین روپے بلڈنگز پلان کی منظوری، تکمیلی سرٹیفکیٹس، این او سی اور نان کنفرمنگ استعمال میں جرمانے کی مد میں ریونیو اکٹھا کیا ہے۔ اسلام آباد میں بلڈنگ بائی لاز پر عملدرآمد اور موئثر مانیٹرنگ کے باعث بلڈنگ کنٹرول نے یہ ریونیو حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل اس مد میں ریونیو اکٹھا کرنے کے لیے نہ تو توجہ دی گئی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سال 2018 ؁ء میں اس مد میں اکٹھا ہونے والا ریونیو گذشتہ سال کے مقابلے میں انتہائی کم رہا۔ سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ کی طرف سے ادارے کو مالی طور پر مستحکم کرنے کے لیے ریونیو میں اضافے کے ایسے تمام ذرائع جن پر ماضی میں توجہ نہیں دی گئی کو فعال کیا جا رہا ہے جبکہ مستقل آمدن کے مزید ذرائع بھی استعمال میں لائے جا رہے ہیں ادارے کی مالی حیثیت کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ شہر میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ترقیاتی سرگرمیوں کو شروع کرنے کے علاوہ ہر شعبے میں نظم و ضبط قائم کیا جا رہا ہے۔

بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹI- نے گذشتہ سال مختلف بلڈنگز پلان کی منظوری کی مد میں 157 ملین روپے سے زائد ریونیو اکٹھا کیا جبکہ مختلف رہائشی اور کمرشل عمارات کے مکمل ہونے کے بعد تکمیلی سرٹیفکیٹس جاری کرنے کی مد میں تقریباً38ملین روپے حاصل کئے۔ بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹI- نے مختلف رہائشی اور کمرشل عمارات کے این او سی جاری کرنے کے علاوہ نان کنفرمنگ استعمال کی مد میں 387 ملین روپے وصول کیے۔
واضح رہے کہ سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ کی ہدایت پر بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ I- نے اسلام آباد کے تمام علاقوں میں بلڈنگز بائی لاز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے نہ صرف نان کنفرمنگ استعمال پر قانون کے مطابق کاروائی کی بلکہ موئثر حکمت عملی کے باعث لوگوں کی بڑی تعداد نے اپنے بلڈنگ پلان کی منظوری، تکمیلی سرٹیفکیٹ اور این او سی کے حصول کے لیے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ سے رابطہ کیا اور مقرر کردہ فیس جمع کروا کر اپنے پلان کی منظوری، تکمیلی سر ٹیفکیٹ اور این او سی حاصل کئے۔ گذشتہ سال بلڈنگ پلان کی منظوری کے 1037کیس، تکمیلی سرٹیفکیٹ کے حصول کے 412جبکہ این او سی اور نان کنفرمنگ استعمال کے 1486کیس نمٹائے گئے۔
علاوہ ازیں سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت کی روشنی میں گذشتہ سال ڈیزائن ویٹنگ کمیٹی نے چار اجلاس منعقد کر کے مختلف کمرشل بلڈنگز کے 21 ڈیزائن کی اصولی منظوری دی۔ گذشتہ سال ڈیزائن ویٹنگ کمیٹی میں 34 کیس پیش کئے گئے۔