سی ڈی اے نے مس کنڈکٹ، نااہلی اور کرپشن پر کیپٹل ہسپتال کے دو ٹیکنیشنز سروس سے برخاست کر دیئے ہیں۔ دونوں ملازمین کو سی ڈی اے ایمپلائز سروس ریگولیشنز1992؁ء کی شق نمبر 8.03(a,b&c) کے تحت سروس سے برخاست کر دیا

 
0
387

اسلام آباد جنوری 20 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے مس کنڈکٹ، نااہلی اور کرپشن پر کیپٹل ہسپتال کے دو ٹیکنیشنز سروس سے برخاست کر دیئے ہیں۔ دونوں ملازمین کو سی ڈی اے ایمپلائز سروس ریگولیشنز1992؁ء کی شق نمبر 8.03(a,b&c) کے تحت سروس سے برخاست کیا گیا ہے۔ برخاست ہونے والے ملازمین میں کیپٹل ہسپتال کے ٹیکنیشن اقبال خان پر مس کنڈکٹ، نااہلی اور کرپشن کے الزام کی روشنی میں انکوائری کی گئی اور ضابطے کی تمام کاروائی کو مکمل کرنے کے بعد مذکورہ ملازم سے اپنے دفاع میں جواب دینے کے لیے کیا گیا تاہم سروس سے برخاست کئے جانے والے ملازم اقبال خان تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔ بعد ازاں اقبال خان کو ذاتی طور پر مجاز آفیسر کے سامنے پیش ہو کر اپنی صفائی کا بھی موقع دیا گیا۔ اسی طرح مجیب الرحمن ٹیکنیشن کیپٹل ہسپتال کو بھی مس کنڈکٹ، نا اہلی اور کرپشن پر نوکری سے برخاست کیا گیا ہے۔ مجیب الرحمن کو بھی تمام ضوابط کو پورا کرتے ہوئے اپنے دفاع میں جواب دینے کے علاوہ ذاتی طور پر پیش ہو کر اپنی وضاحت دینے کے لیے موقع دیا گیا مگر تسلی بخش جواب اور وضاحت نہ دینے پر مجیب الرحمن کو بھی ملازمت سے برخاست کر دیا گیا۔ برخاست کئے جانے والے دونوں ملازمین اقبال خان ٹیکنیشن سے کرپشن کی مد میں 464,472/-روپے اور مجیب الرحمن ٹیکنیشن سے بھی 464,472/-روپے کرپشن کی مد میں ریکوری بھی کی جائے گی۔
انکوائری آفیسر کی طرف سے انکوائری مکمل ہونے اور انکوائری آفیسر کی طرف سے سروس سے برخاستگی کی سفارشات کی روشنی میں مجاز آفیسر ممبر ایڈمنسٹریشن نے دونوں ملازمین کو ملازمت سے برخاستگی کی منظوری دے دی جس کے بعد کیپٹل ہسپتال کی انتظامیہ نے دونوں ملازمین کو ملازمت سے برخاستگی کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے۔