فیصل ایونیو انڈر پاس(G-7/G-8)پر تعمیراتی کام دوبارہ شروع کر دیا گیا

 
0
18503

اسلام آباد جنوری 23 (ٹی این ایس): اسلام آباد ٹریفک پولیس کی معاونت سے تعمیراتی کام کو بلا تعطل جاری رکھنے اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے موئثر ٹریفک مینجمنٹ کے علاوہ ٹریفک کے لیے متبادل راستوں کا بھی انتظام کر دیا گیا ہے جبکہ اس منصوبے سے متاثر ہونے والے درختوں کو ٹرانسپلانٹیشن کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے۔

اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں مشرقی سمت میں کھدائی کا کام شروع کیا گیا ہے تاہم اس منصوبے کے تعمیراتی کام کے باعث ٹریفک کو رواں رکھنے کے لیے کیے جانیو الے اقدامات کے تحت فیصل مسجد سے زیرو پوائنٹ، کشمیر ہائی وے آنے والی ٹریفک کو سیکٹر G-7کی سروس روڈ(ویسٹ) کی طرف منتقل کیا گیا ہے جسے قبل از وقت ہی کشادہ کر دیا گیا تھا تاکہ اس پر ھیوی ٹریفک بھی چل سکے۔ منصوبے کے باعث متاثر ہونے والے چیڑ کے درختوں کو بھی جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے دوسری جگہ منتقل کیا جا رہا ہے جس کے لیے ٹرائس پلانٹر استعمال کیا جا رہا ہے۔علاوہ ازیں سی ڈی اے نے اس منصوبے کے گرد و نواح چیڑ کے 100 پودے پہلے ہی لگا دیئے ہیں تاکہ اس منصوبے کی تکمیل پر جہاں ٹریفک کو رواں رکھنے میں آسانی رہے گی وہاں ان درختوں سے گردو نواح کے ماحول اور خوبصورتی میں بھی اضافہ ہو گا۔

سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایات کی روشنی میں اس تعمیراتی منصوبے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے سی ڈی اے نے اسلام آباد ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ شعبوں کے ہمراہ مل کر ٹریفک کے متبادل راستوں کے لیے ایک جامع پلان ترتیب دیا ہے۔ اس پلان پر موئثر عملدرآمد کے لیے اسلام آبادٹریفک پولیس کے علاوہ سی ڈی اے کے متعلقہ افسران نے سائٹ کا دورہ کیا اور ٹریفک سائن وٹریفک کے متبادل راستوں کے بورڈ اور تعمیراتی ایریاء میں وارننگ بورڈ بھی لگا دیئے گئے ہیں جبکہ کسی بھی نا خوشگوار صورتحال سے بچاؤ کے لیے متعلقہ شعبوں کو آپس میں مربوط اور موئثر رابطے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔
انڈر پاس کا یہ تعمیراتی منصوبہ چھ ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ فیصل ایونیو پر زیر تعمیر اس انڈر پاس کی تکمیل سے نہ صرف فیصل ایونیو پر چلنے والی ٹریفک کو سہولت میسر ہو گی بلکہ اس منصوبے سے سیکٹر G-7 اور G-8کے رہائشیوں کو بھی آنے جانے میں آسانی ہو جائے گی۔