سینیٹ کی قائمہ کمیٹی زینب الرٹ بل جلد منظور کرے، زینب الرٹ بل کو ہنگامی بنیادوں پر پاس کرنا چاہیے،فیصل جاوید

 
0
347

اسلام آباد جنوری 28 (ٹی این ایس): سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی زینب الرٹ بل جلد منظور کرے، زینب الرٹ بل کو ہنگامی بنیادوں پر پاس کرنا چاہیے، اب تبدیلی لائی گئی تو دوبارہ یہ اسمبلی میں جائیگا، اٹھارھویں ترمیم کے بعد بل اسلام آباد تک ہی محدود ہے، خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلیوں میں بھی ایسا بل لایا جا رہا ہے۔
منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ بچوں سے زیادتی کے واقعات آئے روز ہو رہے ہیں، کئی واقعات رپورٹ ہی نہیں ہوتے، ہماری حکومت نے زینب الرٹ بل کے نام سے زبردست قانون سازی کی، وزارت قانون او انسانی حقوق نے بل تیار کیا جسے قومی اسمبلی میں پیش کیا اور پھر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے پاس گیا، آٹھ مہینے کمیٹی کے پاس پڑا رہا ، جس کے بعد اسمبلی سے پاس ہوا ، پھر وہ بل سینیٹ میں آیا ، اب اس پر سینیٹ کمیٹی میں بحث ہو رہی ہے ،کمیٹی کی ایک دونشستیں ہوئی ہیں ، آئندہ نشست اب فروری میں ہوگی۔
فیصل جاوید خان نے کہا کہ بل کو پاس کیا جائے، بعد میں ترامیم ہو جائیں گی۔ فیصل جاوید خان نے کہا کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا صوبائی اسمبلی میں ایسی ہی قانون سازی لانے والے ہیں جبکہ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار بھی پنجاب اسمبلی میں ایسا بل لا رہے ہیں، دونوں صوبائی اسمبلیوں میں بھی یہ بل پاس ہو جائے گا ،یہ بل انتہائی اہم ہے ، ہنگامی بنیادوں پر اس کوپاس کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ زینب الرٹ اتھارٹی کے ڈی جی کو وزیراعظم تعینات کریں گے، تمام ادارے اس کے ساتھ منسلک ہوں گے اور اس کی ہیلپ لائن نمبر 01099 سے الرٹ پیغام جائے گا۔ فیصل جاوید نے کہا کہ میڈیا کا ساتھ چاہئے، ہم مل کر کام کریں، بچے سب کے بچے ہیں، آگاہی مہم چلائی جائے اور قانون سازی کے عمل کو تیز کیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کرتا ہوں کہ سندھ اسمبلی میں بھی قانون سازی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھی اس پر قانون سازی کی جائے۔