چین کرونا وائرس پھیلاؤ، پاکستانیوں کی معاونت و تحفظ کیلئےاقدامات کررہے ہیں:پاکستان

 
0
416

اسلام آباد جنوری 30 (ٹی این ایس): دفترخارجہ نے کہا ہے کہ چین میں کرونا وائرس کے پھیلاو کے بعد وہاں پاکستانی باشندوں کی معاونت تحفظ اور بہبود کےلئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں۔

آج اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا کہ چین میں ہمارے سفارتخانے اور قونصل خانوں نے وہاں زیر تعلیم تمام پاکستانی طلبہ سے رابطہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چینی حکام سے بھی رابطے میں ہیں جنہوں نے ہمیں ہمارے شہریوں کے تحفظ اور صحت کے حوالے سے یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے پاکستانی باشندوں کو بہترین ممکنہ امداد کی فراہمی پر چینی حکام کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس میں تمام متعلقہ فریقوں کے نمائندے شامل ہیں اور وہ اس وائرس کے پھیلاو سے پیدا ہونے والی صورتحال کی مسلسل نگرانی کررہی ہے۔

ترجمان نے بھارتی قیادت کے پاکستان کےخلاف مسلسل جنگی جنون پر مبنی بیانات پر افسوس ظاہر کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی امتیازی کشمیر مخالف اوراقلیتوں کےخلاف پالیسیوں پر ملک اوربیرون ملک بڑھتی ہوئی تنقید سے توجہ ہٹانے کےلئے بدحواسی پر مبنی کوششیں کررہاہے۔

انہوں نےکہا کہ کسی کو بھی پاکستان کےخلاف جارحیت کے عزائم کو ناکام بنانے کے ہمارے عزم کا غلط اندازہ نہیں لگانا چاہیے۔

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئےعائشہ فاروقی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مقبوضہ وادی میں صورتحال کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نےعالمی سطح پر کشمیر کا مسئلہ موثر انداز میں اٹھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بیرون ملک مشنوں نے یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور طریقے سے منانے اور دنیا کی توجہ اس دیرینہ تنازع کی جانب مبذول کرانے کےلئے ایک جامع منصوبہ بنایا ہے۔

امریکہ کے مشرق وسطی سے متعلق منصوبے کے بارے میں سوال پر ترجمان نے کہاکہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دوریاستی حل کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔

انہوں نے عالمی سطح پر متفقہ لائحہ عمل اور انیس سو سڑسٹھ سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق ایک فعال، آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کے عز م کا اعادہ کیا جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔